انڈیا کا کچھ صحافیوں کے بائیکاٹ کا فیصلہ اندرا کی ایمرجنسی جیسا ہے: انوراگ ٹھاکر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 SEPT     

ادے پور، 15 ستمبر: مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈیا کے کچھ صحافیوں کے بائیکاٹ کے فیصلے کا موازنہ اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کی ایمرجنسی سے کیا ہے۔مختصر دورے پر جمعہ کو ادے پور پہنچے مرکزی وزیر ٹھاکر نے صحافیوں سے کہا کہ جس طرح اندرا گاندھی نے ایمرجنسی لگا کر جمہوریت کی آواز کو دبانے کی کوشش کی تھی، اسی طرح انڈیا نے کچھ صحافیوں کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ جمہوریت کی آواز کو دبانے کی کوشش ہے۔راجستھان کے امن و امان کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں خواتین کے خلاف مظالم اپنے عروج پر ہیں اور کانگریس لیڈر اس پر خاموش ہیں۔ منی پور تشدد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سوال اٹھانے والوں کو راجستھان میں کنہیا قتل کیس کو بھی دیکھنا چاہئے۔ راجستھان کے وزیر اعلیٰ کا امن و امان پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کنہیا قتل کیس کے دو ملزمین کو ضمانت مل گئی ہے۔ پٹرول پمپوں پر ہڑتال پر ٹھاکر نے کہا کہ راجستھان میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ راجستھان حکومت نے ابھی تک پٹرول اور ڈیزل پرویٹ میں کمی نہیں کی ہے۔