انڈیا کیخلاف میچ سے قبل بنگلہ دیش کو بڑا جھٹکا، مشفق الرحیم وطن واپس

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –13 SEPT     

کولمبو، 13ستمبر:ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے اپنا دوسرا سپر 4 میچ جیت کر ایشیا کپ 2023 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ٹیم انڈیا کو ابھی ٹائٹل میچ سے پہلے بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ کھیلنا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ 15 ستمبر کو کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بنگلہ دیش کو اس میچ سے قبل مشفق الرحیم کی صورت میں بڑا دھچکا لگا ہے۔ایشیا کپ کے اس ایڈیشن میں بنگلہ دیش کی اب تک کی کارکردگی انتہائی خراب رہی ہے۔ ٹیم نے صرف گروپ مرحلے میں افغانستان کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے علاوہ انہیں سپر 4 میں سری لنکا اور پاکستان دونوں کیخلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ جس کی وجہ سے بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہے۔دریں اثناء مشفق الرحیم والد بننے کے بعد اپنے گھر واپس آرہے ہیں۔ کرک انفو کی خبر کے مطابق مشفق الرحیم انڈیاکے خلاف میچ میں سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ مشفق کی اہلیہ بچے کو جنم دینے کے بعد مکمل صحت یاب نہیں ہو سکیں۔ اس طرح وہ اپنے خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے لیے بنگلہ دیش واپس آ گئے ہیں۔ہندوستان کے پاس 8ویں بار ایشیا کپ ٹائٹل جیتنے کا موقع ہے۔ہندوستانی ٹیم نے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 11ویں بار فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے۔ ٹیم انڈیا اب تک 7 بار یہ خطاب جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ ٹیم انڈیا کے ساتھ کون سی ٹیم فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنائے گی، اس کا فیصلہ 14 ستمبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے سے ہوگا۔ اگر یہ میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوتا ہے تو سری لنکن ٹیم بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے فائنل میں پہنچ جائے گی۔