TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 SEPT
نئی دہلی، 18ستمبر:تیز گیند باز محمد سراج نے قہر ڈھادیا اور 7 اوورز میں 21 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکن بلے بازوں کو سراج کی صورت میں ایک اور طوفان کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی گیند بازی کے سامنے سری لنکا کی ٹیم 15.2 اوورز کی ٹک سکی۔ اپنی عمدہ گیند بازی کی بدولت سراج ون ڈے کی تاریخ میں ایک اوور میں 4 وکٹیں لینے والے چوتھے گیند باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے ونڈے کرکٹ میں سے سے تیزی سے ایک اننگز میں 5 وکٹیں لینے کے سابق سری لنکن تیز گیند باز چمنڈا واس کے ریکارڈ کی بھی برابری کی۔ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیا کپ کا فائنل میچ 129 گیندوں میں ختم ہو گیا۔ یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم گیندوں میں ختم ہونے والا تیسرا میچ ہے۔ اس سے پہلے 2020 میں نیپال اور امریکہ کے درمیان کھیلا گیا ونڈے صرف 104 گیندوں میں ختم ہوگیا تھا جب کہ 2001 میں سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا گیا ونڈے میچ 120 گیندوں میں ختم ہوا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان بمقابلہ سری لنکا میچ آتا ہے۔ہندوستان نے سری لنکا کیخلاف فائنل میچ 263 گیندیں باقی رہتے ہوئے جیت حاصل کرلی۔ یہ ونڈے فائنل میں گیندوں کے لحاظ سے کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے نام تھا جس نے 2003 میں سڈنی میں 226 گیندیں باقی رہتے ہوئے جیت درج کی تھی۔ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ اس سے قبل ہندوستان نے 1998 میں ون ڈے فائنل میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ 2003 میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندوستان نے ریکارڈ آٹھویں بار ایشیا کپ ٹرافی پر قبضہ کیا ہے۔ ٹیم انڈیا وہ ٹیم ہے جس نے سب سے زیادہ مرتبہ ایشیا کپ جیتا ہے۔ سری لنکا اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جس نے چھ بار ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ ایشیا کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں سلامی بلے باز شبھ من گل ٹاپ پر رہے۔ 24 سالہ گل نے مجموعی طور پر 302 رنز بنا کر تاریخ رقم کی جب کہ روہت شرما نے 194 رنز بنائے۔ روہت شرما ایشیا کپ دو بار جیتنے والے تیسرے ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے محمد اظہر الدین اور مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ہندوستان دو مرتبہ ایشیا کپ ٹرافی پر قبضہ کرچکا ہے۔ ماہی کی کپتانی میں ہندوستان نے ایک بار ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ اور ایک بار ون ڈے فارمیٹ میں خطاب جیتا ہے۔ سری لنکن ٹیم 50 رنز کے مجموعی اسکور پر آل آؤٹ ہو گئی۔ یہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کی تاریخ میں ہندوستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ اس سے پہلے 2014 میں سری لنکن ٹیم میرپور ون ڈے میں 58 رنز کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ محمد سراج ایشیا کپ کے فائنل میں 6 وکٹیں لینے والے ہندوستان کے پہلے گیند باز بن گئے ہیں۔