حارث -نسیم کی طوفان میں بنگال ٹائیگرس ڈھیر، محض 193رَن پر آل آؤٹ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -06 SEPT     

لاہور ؍اسلام آباد، 6ستمبر: لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ایشیاکپ میں سپر فور راؤنڈ کے میچ میں پاکستانی فاسٹ باؤلرز بالخصوص حارث رؤف اور نسیم شاہ کی عمدہ کارکردی کی بدولت بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 193 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی، اور اس طرح پاکستان کو194کا معمولی ہدف ملا ہے۔بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،لیکن یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا۔بنگال ٹائیگرز کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور میچ کے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے اوپنر مہدی حسن معراج کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔صفر پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد نعیم کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں نے تیز سے کھیلتے ہوئے اگلی 21 گیندوں میں 31 رنز بٹور لیے ،تاہم اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طول پکڑتی، لٹن داس 16 رنز کے انفرادی اسکو ر شاہین شاہ آفریدی کی وکٹ بن گئے۔اسکور 44 تک پہنچا ہی تھا کہ کپتان بابر اعظم نے حارث رؤف کو گیند تھمانے کا فیصلہ کیا جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے پہلے 20 رنز بنانے والے محمد نعیم اور اگلے اوور میں توحید ہردوئے کی 2 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ان وکٹوں کے ساتھ ہی حارث رؤف پاکستان کی جانب سے سب سے کم میچوں میں 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے باؤلر بن گئے۔47 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد بنگلہ دیش کی ٹیم مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر شکیب الحسن اور مشفق الرحیم پر مشتمل بنگلہ دیش کی سب سے تجربہ کار جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی۔دونوں کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ اس دوران شکیب نے اپنی ففٹی بھی مکمل کر لی۔اس خطرناک ہوتی پارٹنرشپ کا خاتمہ اس وقت جب شکیب الحسن 53 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کو وکٹ دے بیٹھے۔ادھر مشفق الرحیم نے دوسرے اینڈ سے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ففٹی مکمل کی۔مشفق اور شمیم حسین نے مل کر اسکور کو 174 تک پہنچایا ہی تھا کہ افتخار احمد نے شمیم حسین کو آؤٹ کردیا۔ بابر اعظم وکٹ کے حصول کے لیے ایک مرتبہ پھر حارث رؤف کو لے کر آئے جنہوں نے کپتان کو مایوس نہ کیا اور وکٹ پر سیٹ 64 رنز بنانے والے مشفق الرحیم کے ساتھ ساتھ اگلی گیند پر تسکین احمد کو بھی پویلین بھیج دیا۔دوسرے اینڈ سے نسیم شاہ نے بھی وکٹوں کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے عفیف حسین کو فہیم اشرف کی مدد سے پوایلین واپسی کا راستہ دکھا دیا۔نسیم نے اسی اوور میں ایک اور شکار کرتے ہوئے شریف الاسلام کو بولڈ کر کے بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط لپیٹ دی۔بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے چار اور نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک، ایک وکٹ شاہین، فہیم اور افتخار کے کھاتے میں گئی۔ واضح ہو کہ حارث رؤف نے محض 6اوور میں 19رن دے کر چار بیش قیمتی وکٹ حاصل کی ہیں ۔