سماجی تنظیم پیل خانہ پیپلز فرنٹ کا عید میلاد النبیؐ پر خرافات سے بچنے کی تلقین

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT

ہوڑہ 24/ستمبر (محمد نعیم) سابقہ روایت کے مطابق ١٢ ربیع الاول بہ مطابق ٢٨/ ستمبر بروز جمعرات کو پیل خانہ کی سرزمین پر عید میلاد النبیؐ کی خوشیاں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منائی جائے گی۔ با وثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق امسال پیل خانہ کے مختلف شاہراہوں پر روح پرور اجتماعات بھی منعقد ہوں گے۔ تاہم دین کی حفاظت، خرافات اور امن و سلامتی کے حوالے سے پیل خانہ پیپلز فرنٹ کے بینر تلے مولانا منصور قادری کی قیادت میں جی ٹی روڈ پر ایک اہم میٹنگ بلائی گئی، جس میں مولانا قادری نے میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر عوام سے اپیل کی کہ جلوس محمدی ﷺ میں ڈی جے کے شور سے پڑوسیوں، اہل محلہ، مریضوں اور بچوں کو پریشان کرنے سے پرہیز کیا جائے، انہوں نے کھانے اور مٹھائیوں کی تقسیم میں ہلڑ بازی، جشن منانے میں اسراف، ریاکاری اور مقابلہ بازی سے دور رہنے کی تلقین کی، جبکہ متذکرہ بالا ادارہ کے بانی سکریٹری ابوالحسن انصاری نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کا جشن ایک علمی بحث ہے، جس میں علماء کرام کی آراء مختلف ہیں، تاہم اس نقطے پر تمام علماء متفق ہیں کہ جشن عید میلاد النبیؐ کے عنوان پر بہت سی خرافات اور فضولیات ہمارے معاشرے میں داخل ہوچکی ہیں، جیسے کہ دکانوں اور گھروں سے زبردستی چندہ وصولی، ناچ، گانے، میوزک چلانا، خواتین کا بے پردہ باہر نکل کر جلسوں اور جلوسوں کی رونق بننے کے مستند اور معتدل مفتیان کرام نے متفقہ طور پر درج ذیل خرافات کو ناجائز قرار دیا ہے۔ ابوالحسن نے خرافات سے خود بچنے اور دوسروں کو بچانے کی درد مندانہ اپیل کی۔ دیگر اہم شرکاء میں محمد ادریس، عابد قریشی، محمد جبریل، سندر اور راکیش جیسوال شامل تھے۔