عام آدمی پارٹی کے 2 درجن سے زائد لیڈران کانگریس میں شامل

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN –30 SEPT  

نئی دہلی،30ستمبر:شمال مشرقی دہلی کے دو درجن سے زیادہ عام آدمی پارٹی کے لیڈران اور اپنے اپنے علاقوں کے ذمہ داران نے آج دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی اور کلدیپ بھاٹی کی موجودگی میں کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔واضح رہے کہ دہلی کانگریس صدر اروندر سنگھ لولی نے دہلی میں پارٹی چھوڑنے والے تمام لیڈروں سے دوبارہ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔ اسی ضمن میں آج سینکڑوں لوگوں نے کانگریس میں واپسی کی ہے۔ اس موقع پر اروندر سنگھ لولی نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو پارٹی کا پٹکا اور پھولوں کا ہار پہنا کر استقبال کیا اور کہا کہ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی دونوں نے نہ صرف دہلی کو دھوکہ دیا ہے بلکہ دہلی کی ترقی میں ان کی دلچسپی نہیں ہے۔لولی نے کہا کہ دہلی میں بی جے پی اور عا?پ کے درمیان روزانہ کی رسہ کشی کی وجہ سے نہ صرف دہلی کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے بلکہ بڑے پیمانے پر پراجیکٹس بھی رک گئے ہیں۔ بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے لولی نے کہا کہ بی جے پی کا ایجنڈا صرف سماج میں نفرت پھیلانا ہے، وہیں دوسری طرف دہلی حکومت ترقیاتی کام نہ ہونے کا الزام بی جے پی پر ڈال کر اپنی ذمہ داری سے بھاگ رہی ہے، جس کو دہلی کے عوام برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں کانگریس کارکنوں میں نیا جوش ہے اور کارکنان عام لوگوں تک پہنچ رہے ہیں۔سینئر لیڈر اور سابق ایم ایل اے مکیش شرما نے اپنی تقریر میں کہا کہ اروندر سنگھ لولی کی قیادت میں دوسری پارٹی کے لوگ کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات میں جنہوں نے حصہ لیا تھا انہوں نے بھی کانگریس پارٹی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی جلد بازی میں کوئی قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ پارٹی دفتر میں ہر روز ایسے لوگوں اور کارکنوں کی آمد ہوتی ہے جو پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔اس موقع پر بھیشم شرما، وپن شرما، دیپک وششٹھ، ستپال پہلوان اور سشیل تیواری نے مشترکہ طور پر کہا کہ شمال مشرقی اور مشرقی دہلی میں کانگریس پارٹی کا گراف دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے جو خوش ا?ئند ہے۔ کانگریس کارکنوں کا اتحاد اور ان کی زمینی محنت بی جے پی اور عا?پ کے لیے خطرے کی گھنٹی ثابت ہو رہا ہے۔ بابرپور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد نے صمیم قلب سے کانگریس میں شامل ہونے والے افراد کا استقبال کیا اور کہا کہ آج کانگریس پارٹی میں پرانے لوگوں کے علاوہ نوجوان بھی بڑی تعداد میں کانگریس کا حصہ بن رہے ہیں، جس کے نتائج آنے والے دنوں میں دیکھنے کو ملیں گے۔کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں لیڈروں میں مہندر کمار، جگویر چودھری، یوگیندر بھاٹی، ترویندر کمار منٹو، دویش کمار (پارس) مکیش گوسوامی، دلوار ڈھکیا، بودھ پرکاش شرما، منوج ادھانا، دیویندر ٹھاکر، نواب، سلیم احمد، حاجی محسن، کالو رام، راجیش کمار، رئیس احمد، سینسر پہلوان، صغیر حسن، آشیش مہیشوری، موہت بھاٹی، زاہد خان، محمد ادریس وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔