انڈیا کیخلاف ہم اپنا صد فیصدی حصہ نکالنے پرعزم ہیں : بابر اعظم

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -08 SEPT     

نئی دہلی ، 8ستمبر: ایشیا کپ میں سپر 4 کا پہلا میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا گیا۔ پاکستان نے یہ میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ یہ بہت کم اسکور والا میچ تھا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 193 رنز بنا سکی۔ تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے 40ویں اوور میں ہی کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان کو اپنا اگلا میچ ہندوستان کے خلاف کھیلنا ہے۔ یہ میچ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ میچ سے پہلے بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہم ہندوستان کے خلاف اپنا سو فیصد دینے کیلئے تیار ہیں۔بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف جیت کے بعد کہا کہ اس کا پورا کریڈٹ ہمارے تیز گیند بازوں کو جاتا ہے۔ پہلے شاہین اور اب حارث۔ ہم نے فہیم اشرف کو لینے کا منصوبہ بنایا کیونکہ اس پچ پر بہت گھاس تھی۔ جو ہمیں بھی پسند آیا۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ ہم جب بھی اس گراؤنڈ پر کھیلنے کیلئے اترتے ہیں تو ہمیں ہجوم کی طرف سے بھرپور تعاون ملتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ میچ سے کافی لطف اندوز ہوئے ہوں گے۔ ہندوستان کے خلاف اگلا میچ کھیلنے کے حوالے سے بابر اعظم نے کہا کہ اس جیت سے ہم مستقبل کے میچوں میں پراعتماد ہوں گے۔ ہم بڑے میچوں کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ ہم ہندوستان کے خلاف میچ میں اپنا 100 فیصد دینے کے لیے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ ہندوستان اور پاکستان اس ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ ٹکرائیں گے۔ پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔ جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ کافی مایوس ہوگئے تھے۔ لیکن اب شائقین کو ایک بار پھر دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ہندوستانی ٹیم: روہت شرما (کپتان)، شبھ من گل، وراٹ کوہلی، شریس ایئر، سوریہ کمار یادو، تلک ورما، کے ایل راہل، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، رویندر جڈیجہ، شاردول ٹھاکر، اکشر پٹیل، کلدیپ یادو، جسپریت، بمراہ، محمد سمیع، محمد سراج، پرسدھ کرشنا۔ پاکستانی ٹیم: عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی۔