ایرانی لڑکی کی رونالڈو سے ملاقات نے ہنگامہ برپا کردیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 SEPT     

تہران،21ستمبر:سعودی فٹ بال کلب ’’النصر‘‘ کے سٹار کرسٹیانو رونالڈو کے استقبال کے لیے جانے والی ایک نوجوان ایرانی خاتون کی موجودگی نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا۔شائع ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں ایرانی پرسیپولیس کلب کے سی ای او رضا درویش رونالڈو سے ملنے کے لیے موجود تھے اور ان کے ساتھ ایک لڑکی بھی موجود تھی جس نے ان کی شناخت پر سوالات اٹھائے تھے۔ ابتدائی طور پر کچھ افراد کا خیال تھا کہ رونالڈو کے ساتھ نظر آنے والی لڑکی ایک مترجم تھی۔لیکن برنا ایجنسی نے تصدیق کی کہ یہ لڑکی پرسیپولیس کلب کے سی ای او کی بیٹی ہے اور اس نے اپنے والد کے ساتھ شرکت کی۔سوشل میڈیا صارفین نے اس اجلاس میں لڑکی کی موجودگی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بعض صارفین نے لکھا کہ ہمارے اہلکاروں میں اقربا پروری کا کلچر مکمل طور پر منظم ہو چکا ہے۔دوسروں نے سوال کیا کہ پرسیپولیس کلب میں درویش کی بیٹی کی کیا ذمہ داری ہے؟ اس گروپ میں اس کی موجودگی کا کیا جواز ہے؟اس حوالے سے تنقید صرف سوشل میڈیا تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ فارس نیوزی ایجنسی نے بھی رپورٹ کیا کہ بعض افراد نے کہا ہے بہتر ہوگا اگر پرسیپولیس کلب اس لڑکی کی موجودگی کے بارے میں شفاف طریقے سے وضاحت کردے۔ اگر وہ سی ای او کی بیٹی ہے تو کلب کے ڈائریکٹر اپنی قانونی اور تنظیمی پوزیشن کا فائدہ کیوں اٹھا رہے ہیں؟