TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 SEPT
تہران، 14ستمبر:اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو اور دیگر غیرملکی فٹبالرز کو ایران آنے پر مخصوص سِم کارڈ دیے جانے کے بارے میں غور کیا جارہا ہے۔میڈیا کے مطابق یہ خصوصی سِم کارڈ ایران آنے والے غیرملکی فٹبالرز کو بغیر کسی پابندی کے انٹرنیٹ تک رسائی کی اجازت دے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی فٹبال کلب النصر اگلے ہفتے ایران کے دارالحکومت تہران میں ایرانی فٹ بال کلب کے ساتھ اے ایف سی چیمنئنز لیگ کا میچ کھیلنے آئے گا۔ایرانی فٹ بال کلب کے صدر رضا درویش نے سرکاری ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ ہمیں بدنام کرنا چاہتے ہیں جو فٹ بالرز سے کہتے ہیں کہ ایران نہ جائیں ؛کیونکہ وہاں ان کے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں ہوگی۔دوسری جانب اس معاملہ پر کچھ ایرانی شہریوں کا کہنا ہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کو ایسی خدمات پیش کرنا اپنے لوگوں کی توہین اور ان کے ساتھ امتیازی سلوک ہوگا ؛کیونکہ مقامی شہری مکمل انٹرنیٹ پر رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران میں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ پابندیاں عائد ہیں۔ یہاں ہزاروں ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بلاک کردیا گیا ہے۔

