TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT
نئی دہلی ، 24 ستمبر:ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے چین کے شہر ہانگزو میں کھیلے جارہے ایشین گیمز 2023 میں اپنی مہم کی شاندار شروعات کی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے اتوار کو پول اے میں اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کو 16-0 کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ میچ میں ازبکستان کی طرف سے کوئی بھی کھلاڑی گول نہ کرسکا۔ورون کمار نے ہندوستانی ٹیم کے لیے سب سے زیادہ چار گول ( 12ویں ، 36ویں ، 50ویں ، 52ویں منٹ) کیے۔ ان کے علاوہ للت کمار اپادھیائے نے تین گول ( 7ویں ، 24ویں ، 53ویں منٹ ) اور مندیپ سنگھ نے تین گول ( 18ویں ، 27ویں ، 28ویں منٹ) سکھجیت سنگھ ( 37ویں ، 42ویں منٹ ) نے دو گول کئے۔ ابھیشیک نے 17 ویں منٹ میں ، امیت روہیداس نے 38 ویں منٹ میں ، شمشیر سنگھ نے 43 ویں منٹ میں اور سنجے نے 57 ویں منٹ میں ایک ایک گول کیا۔
ہندوستانی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی ازبکستان پر حاوی رہی۔ ازبکستان کی ٹیم بھارتی حملے کا کوئی جواب نہ دے سکی اور پورے میچ میں جدوجہد کرتی رہی۔ ہندوستانی ٹیم نے ایک کے بعد ایک گول کر کے ازبکستان کو 16-0 سے شکست دی۔ ازبکستان کی ٹیم ایک بھی گول نہ کر سکی۔ اس طرح ہندوستانی ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز 2023 میں ازبکستان کو 16-0 سے شکست دے کر مضبوط شروعات کی۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم اپنا اگلا میچ سنگاپور کے خلاف کھیلے گی ، جو منگل 26 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

