جی ٹی روڈ پر ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی میں خوفناک تصادم، ایک شخص جاں بحق

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -25 SEPT  

نئی دہلی، 25 ستمبر: شمال مشرقی دہلی کے شاستری پارک علاقے میں جی ٹی روڈ پر ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم میں ٹریکٹر پر سوار ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اس حادثے میں مرنے والے شخص نے ٹریکٹر ڈرائیور سے لفٹ لی تھی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال کے مردہ خانے میں محفوظ کر دیا گیا ہے۔ ٹریکٹر آئی ایس بی ٹی کشمیری گیٹ سے میرٹھ جا رہا تھا۔
یہ حادثہ پیر کو دوپہر ایک بجے کے قریب جی ٹی روڈ پر شاستری پارک پٹرول پمپ کے قریب پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور پتہ چلا کہ ٹریکٹر ٹرالی کو پیچھے سے ٹرک نے ٹکر مار دی تھی۔ تصادم اتنا زوردار تھا کہ ٹرک سڑک کے بیچوں بیچ الٹ گیا۔ ٹریکٹر پر سوار افراد اچھل کر دور جا گرے ۔ زخمیوں کو جگ پرویش اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک نوجوان کو مردہ قرار دے دیا۔ زخمیوں کو جی ٹی بی اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
زخمیوں کی شناخت انل ساکن میرٹھ، ہری لال ساکن جھارکھنڈ، سلیم ساکن میرٹھ اور امان ساکن میرٹھ کے طور پر ہوئی ہے۔ واقعہ کے بعد سے ٹرک ڈرائیور فرار ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں کو کرینوں کی مدد سے سڑک سے ہٹا کر قبضے میں لے لیا گیا ہے اور مزید کارروائی کی جا رہی ہے۔