جی-20 سربراہی اجلاس کے عشائیے میں ممتا بنرجی کو بھی مدعو کیا گیا، شیخ حسینہ سے ہوگی ملاقات

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -06 SEPT     

کولکاتا، 06 ستمبر:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو بھی جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے سربراہان مملکت کے لیے منعقدہ عشائیے میں مدعو کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ بھی صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے اس عشائیہ میں شرکت کریں گی۔
ریاستی سکریٹریٹ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ممتا بنرجی عشائیے میں شیخ حسینہ سے ملاقات کریں گی۔ یہ ڈنر 9 ستمبر کو ہوگا۔ اس کے علاوہ 13 ستمبر کو انڈیا اتحاد کی میٹنگ بھی ہونے والی ہے۔ اس میں بھی ممتا بنرجی کو شامل ہونا ہوگا۔ ممتا یہاں اپوزیشن لیڈروں سے ملاقات کریں گی۔ اس سے پہلے دہلی میں ممتا کی حسینہ سے ملاقات پر بھی نظریں جمی ہوئی ہیں۔
اگرچہ شیخ حسینہ کے ساتھ ممتا بنرجی کی ملاقات کا کوئی باضابطہ شیڈول نہیں ہے، لیکن دونوں کے درمیان اتنے اچھے تعلقات ہیں کہ وہ الگ سے ملاقاتوں کے لیے وقت نکال لیتے ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ مغربی بنگال اور بنگلہ دیش طویل عرصے سے دریائے تیستا کے پانی کے معاہدے پر متفق نہیں ہو سکے ہیں۔ ایسے میں دونوں کے درمیان کیا کچھ باگت ہوگی ، اس پر سب کی نگاہیں مرکوز ہیں۔