TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -26 SEPT
اسلام آباد ،26ستمبر:سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع دے دی گئی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی اِن کیمرا سماعت اٹک جیل میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی۔سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ آج مکمل ہونے پر اٹک جیل میں سماعت ہوئی، وزارت قانون نے گزشتہ روز اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے لیے این او سی جاری کیا تھا، این او سی کی کاپی سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو بھی بھجوائی گئی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی، لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھا بھی اٹک جیل پہنچ گئے جبکہ ایف آئی اے کی ٹیم بھی اٹک جیل پہنچ گئی، اس موقع پر اٹک جیل کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔بعد ازاں لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی ا?ئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع دے دی۔دریں اثنا سائفر کیس جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا، پی ٹی آئی وکلا، اسپیشل پراسیکیوٹرز اور ایف آئی اے کی ٹیم بھی عدالت پہنچی۔عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کی حاضری لگائی،جس کے بعد شاہ محمود قریشی کو ا?گاہ کیا گیا کہ اْن کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 10 اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیت صاف ہے، من صاف ہے، بے قصور ہیں، اللہ بے نیاز ہے، وہ جب چاہے دل بدل سکتا ہے، وہ جب چاہے فیصلے پلٹ سکتا ہے، پھر بھی اے عدل و انصاف تجھ سے امید پا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو الیکشن نہ لڑنے دیا گیا تو الیکشن بے معنی ہو جائے گا، بے وقعت ہو جائے گا، الیکشن کی اہمیت ختم ہو جائے گی، پی ٹی آئی کے بغیر الیکشن کی اہمیت نہ ہونے کے برابر ہے۔