سندھ کے کندھ کوٹ میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -27 SEPT  

سندھ،27ستمبر:سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں کچے کے علاقے میں راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔کندھ کوٹ کے علاقے مہوال شاہ میں واقع گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے جاں بحق ہونے والے ان 8 افراد میں 4 بچے، ایک مرد اور 2 خواتین شامل ہیں جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ روحیل کھوسہ نے بتایا کہ کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں تھانہ گھوگھاٹ کی حدود میں علی نواز سبزوئی نامی شخص کے گھر کے اندر راکٹ لانچر کا گولہ پھٹنے سے 4 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، مزید تفتیش جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جاں بحق ہونے والوں میں حنیفاں، راشد، محمود، ایاز احمد اور نیاز احمد شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ایس ایس پی کشمور کندھ کوٹ نے بتایا کہ بچوں کو گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے راکٹ کا گولہ ملا جسے وہ گھر لے آئے جہاں وہ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے، مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ سول ہسپتال کندھ کوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔