شاہ رخ کی ‘جوان’ ریلیز کے دن ہی آن لائن ہوئی لیک

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -07 SEPT     

شاہ رخ خان کی فلم ’’جوان‘‘ آج 7 ستمبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔ شائقین کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار تھا۔ فلم نے ریلیز سے قبل ہی ایڈوانس بکنگ سے کروڑوں کی کمائی کر لی ہے۔ فلم دیکھنے کے لیے تھیٹر کے باہر تماشائیوں کی بھیڑ جمع ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق فلم ’’جوان‘‘ ریلیز کے چند گھنٹوں میں ہی پائریسی کا شکار ہوگئی ہے۔ فلم مکمل ایچ ڈی پرنٹ میں بہت سی سائٹوں پر لیک کی گئی ہے جس میں تمل راکرس، ایم پی فور فلمز، Vegamovies اور Filmyzilla شامل ہیں۔ اس فلم کو آن لائن دیکھنے کے علاوہ اسے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ایسے میں میکرس کو خدشہ ہے کہ اس سے فلم کی کمائی پر کچھ اثر پڑے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب شاہ رخ خان کی فلم آن لائن لیک ہوئی ہو۔ اس سے قبل ’پٹھان‘ بھی ریلیز کے چند گھنٹوں بعد ہی پائریسی کا شکار ہوگئی تھی۔ تاہم فلم کے آن لائن لیک ہونے سے اس کے کلیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ شاہ رخ خان اور دیپیکا پادوکون اسٹارر فلم ’پٹھان‘ نے ریکارڈ توڑ کمائی کی ہے۔
فلم کے آن لائن لیک ہونے کے بعد ’جوان‘ کے فلم سازصدمے میں ہیں۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ نے کئی ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ’بک مائی شو‘ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں جوان کے 75 لاکھ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ فلم نے ایڈوانس بکنگ میں 17 کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے۔ مجموعی طور پر اس تصویر کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ شاہ رخ خان کی ’جوان‘ بھارت میں پہلے دن 60 سے 70 کروڑ روپے کمائے گی۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو ’جوان‘ یہ ریکارڈ حاصل کرنے والی پہلی فلم بن سکتی ہے۔
فلم میں شاہ رخ کے ساتھ ساؤتھ کی مضبوط اسٹار کاسٹ ہے۔ اس میں شاہ رخ کے ساتھ ساؤتھ کی اداکارہ نینتارا اور وجے سیتھوپتی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ فلم کو ہندی کے علاوہ تامل اور تیلگو زبانوں میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔