فلسطینیوں کے حقوق، دو ریاستی حل کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا: محمود عباس

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 SEPT    

نیویارک،23ستمبر:فلسطینی رہنما محمود عباس نے اقوامِ عالم کو خبر دار کیا ہے کہ دو ریاستی حل کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں محمود عباس نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فلسطینی عوام کے مکمل، جائز قومی حقوق کی تعبیر کے بغیر مشرقِ وسطیٰ میں امن قائم ہو سکتا ہے، وہ غلطی پر ہوں گے۔طویل تجربہ رکھنے والے 87 سالہ رہنما نے اس سلسلے میں پھر سے مذاکرات شروع کرنے اور اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلانے کی اپیل کی۔محمود عباس کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے پر غور کر رہا ہے اور اس سلسلے میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل سے ہونے والے مذاکرات میں اب تک ہونے والی پیش رفت کافی مثبت رہی ہے لیکن سعودی عرب کے لیے فلسطینیوں کا معاملہ بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔عالمی ادارے سے خطاب میں فلسطینی رہنما نے کہا کہ “اقوامِ متحدہ کی کانفرنس دو ریاستی حل کو بچانے، صورتِ حال کو مزید سنگینی سے بگڑنے، خطے اور پوری دنیا کی سلامتی و استحکام کو خطرے میں ڈالنے سے روکنے کا آخری موقع ہو سکتی ہے۔”محمود عباس کے خطاب سے ایک روز قبل اسراِئیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ ملاقات میں سعودی عرب کو معمول پر لانے پر بات کی تھی۔امریکہ تاریخی طور پر دونوں فریقوں کے درمیان امن قائم کرنے کے لیے کردار ادار کرتا رہا ہے۔صدر جو بائیڈن نے بدھ کو نیتن یاہو کے ساتھ بات چیت کے ذریعے دو ریاستی حل کے راستے کو محفوظ رکھنے کے بارے میں بات کی تھی۔لیکن نیتن یاہو کی سخت دائیں بازو کی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ا?باد کاری کو آگے بڑھایا ہے جسے بین الاقوامی طور پر ایک غیر قانونی اقدام سمجھا جاتا ہے۔محمود عباس کی تقریر کے دوران ایک اسرائیلی سفارت کار نے جنرل اسمبلی سے اس وقت واک آؤٹ کیا جب فلسطینی رہنما نے اسرائیل کی ‘نسل پرستی’ کی پالیسیوں پر بین الاقوامی ‘استثنیٰ’ کی مذمت کی۔ یہ بیانیہ یہودی ریاست کو مشتعل کرتا ہے۔محمود عباس نے کہا کہ اسرائیل کے ‘نسل پرست، دہشت گرد آباد کار ہمارے لوگوں کو ڈرانے، مارنے، گھروں اور املاک کو تباہ کرنے، ہمارے پیسے اور وسائل کو چوری کرنے کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔