فوری طور پرنافذ ہو خواتین ریزرویشن بل:نتیش کمار

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 SEPT     

پٹنہ، 21 ستمبر:لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن بل ’ناری شکتی وندن‘ کے پاس ہونے کے بعد بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کو اسے فوری طور پر نافذ کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اتنی تاخیر کیوں ؟ سابق وزیر اعلیٰ بھولا پاسوان شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر نتیش کمار نے کہا کہ 2024 تک انتظار کیوں ؟
آنجہانی بھولا پاسوان شاستری کے یوم پیدائش کے موقع پر ایس کے میموریل ہال احاطہ میں ریاستی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں پہنچے نتیش کمار نے کہا کہ ہم لوگ چاہتے ہیں کہ خواتین ریزرویشن بل جلد نافذ ہو۔ ہم لوگ چاہتے ہیں کہ ایس سی۔ ایس ٹی اور پسماندہ اور انتہائی پسماندہ لوگوں کو بھی فائدہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ہمیں 33 فیصد ملے گا، ہم مزید حاصل کرنا چاہتے ہیں ، لیکن مرکزی حکومت کو اس پر جلد عمل درآمد کرنا چاہیے۔ یہ ابھی لوک سبھا میں پاس ہوا ہے، اب مردم شماری کا کام جلدکر لیں۔
ذات پر مبنی مردم شماری کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ مردم شماری پورے ملک میں ہونی چاہیے۔ ہم لوگ اس کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن یہ الگ معاملہ ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم لوگ شروع سے یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ دونوں ایک ساتھ ہوجائیں تو بہت اچھا ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بار پھر کہا کہ خواتین ریزرویشن بل جلدنافذ ہو جائے تو یہ بہت خوشی کی بات ہوگی۔
واضح ہو کہ وزیر اعلیٰ نے خواتین ریزرویشن بل کا اس وقت خیر مقدم کیا تھا جب اسے مرکزی کابینہ نے منظور کیا تھا۔حالانکہ لوک سبھا میں بحث کے دوران جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ للن سنگھ نے مخالفین پر جم کر حملہ کیا تھا۔ للن سنگھ نے بی جے پی کی نیتوں پر سوال اٹھائے تھے۔ جے ڈی یو بل میں پسماندہ اور انتہائی پسماندہ کے ساتھ ایس سی اور ایس ٹی کو سیٹیں دینے کی وکالت کر رہی ہے۔