مراٹھا ریزرویشن کے لیے بھوک ہڑتال کے دوران منوج جارنگے کی طبیعت بگڑی

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -06 SEPT  

ممبئی، 06 ستمبر: جالنا ضلع کے انتروالی سراٹی گاوں میں مراٹھا ریزرویشن کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے منوج جارنگے کی بدھ کی صبح اچانک طبیعت بگڑ گئی ۔ اس وجہ سے ضلع انتظامیہ نے فوری طور پر ڈاکٹروں کی ٹیم کو موقع پر بھیجا اور جارنگے کو ابتدائی علاج فراہم کروایا۔ جارنگے کو سیلائن پیش کیا جا رہا ہے۔ منوج جارنگے کی بھوک ہڑتال کا آج نواں دن ہے۔
ڈاکٹروں کی ٹیم نے منوج جارنگے کو اسپتال میں داخل کرنے کی پیشکش کی جسے جارنگے نے ٹھکرا دیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق جارنگے کے گلے میں انفیکشن اور جسم میں طاقت کی کمی کے باعث وہ ٹھیک سے بول نہیں پا رہے ہیں۔ منوج جارنگے نے میڈیا کو بتایا کہ حکومت نے ان کی جان لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں تاخیر کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ حکومت کے وفد نے منگل کو منوج جارنگے سے ملاقات کی اور کنبی ذات کے سرٹیفکیٹ کے لیے سرکاری حکم جاری کرنے کے لیے ان سے ایک ماہ کا وقت مانگا۔ لیکن منوج جارنگے نے سرکاری وفد کو صرف چار دن کا وقت دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی منوج جارنگے نے بھوک ہڑتال بھی جاری رکھی ہے۔ آج ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں مراٹھا ریزرویشن پر بحث ہونے کا امکان ہے۔