‘مسقط کی اہم شاہراہ کو بند کردیا گیا’

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 SEPT     

مسقط، 18 ستمبر: رائل عمان پولیس کی جانب سے مسقط کا الجبل روڈ بند کر دیا گیا ہے، اہم شاہراہ کو بند کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ رائل عمان پولیس (ROP) نے مسقط میونسپلٹی کے ساتھ مل کر الاماریت سے ولایت بشار کی طرف آنے والوں کے لیے الجبل روڈ (عقبت الامیرات اسٹریٹ) کو مکمل طور پر بند کردیا ہے، بندش کے اوقات صبح 9 بجے سے 5 بجے تک ہیں، اس دوران سڑک کی ایک لین کھلی رہے گی۔مسقط میونسپلٹی نے اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مسقط گورنریٹ میں سڑکوں کی دیکھ بھال کے کام کے لیے الامارات کی ولایت سے ولایت بشار کی طرف آنے والوں کے لیے الجبل اسٹریٹ (عقبت الامیرات اسٹریٹ) کی روزانہ صبح 5 سے 9 بجے تک صبح کی پیک ٹائم کی مدت کے دوران ایک اوپن لین کے ساتھ چار ماہ کی مدت کے لئے مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔تمام لوگوں سے میونسپلٹی نے درخواست کی ہے کہ وہ اس حوالے سے احتیاط کریں اور ویب سائٹ پر دکھائے گئے ٹریفک ہدایات پر عمل کریں، اور ٹریفک جام کی صورتحال سے بچنے کے لئے متبادل سڑک (واڑی آدی روڈ) کا استعمال کریں۔دوسری جانب کویت کی وزارت داخلہ نے احکامات جاری کئے ہیں کہ تارکین وطن کی طرف سے ٹریفک جرائم سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے۔سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ مارچ سے اگست کے درمیان 18000 سے زائد تارکین وطن کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر وجوہات کی بنا پر کویت سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔2023کی اگر بات کی جائے تو ابتدائی 8 ماہ کے دوران ریکارڈ کی گئی ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی کل تعداد 2.6 ملین سے تجاوز کر گئی، جن میں سے تقریباً 1.95 ملین بالواسطہ خلاف ورزیاں تھیں۔ٹریفک آگاہی کے محکمے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نواف الحیان کا کہنا ہے کہ تقریباً چھ ماہ کے دوران ٹریفک کی سنگین خلاف ورزیوں جیسے کہ تیز رفتاری، ریڈ سگنل توڑنا، ریسنگ، مسافروں کو لے جانے، ون وے میں گاڑی چلانا یا لائسنس کے بغیر ڈرائیونگ کرنے کے سنگین جرائم میں ملوث 18,486 غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی ہدایت پر تمام گورنریٹس میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے ٹریفک کو منظم کرنے، بھیڑ کو کم کرنے اور لاپرواہ ڈرائیوروں کو کنٹرول کرنے کے لیے ”یکم جنوری سے 30 اگست تک کے آٹھ مہینوں میں 2,630,338 ٹریفک خلاف ورزیاں جاری کی گئیں جن میں 1,954,858 بالواسطہ خلاف ورزیاں اور 675,480 براہ راست خلاف ورزیاں کی گئیں۔”الحیان نے بتایا کہ جنوری سے اگست کے آٹھ ماہ کے دوران 14,053 لائسنس دیگر وجوہات کی بنا پر واپس لے لیے گئے۔جبکہ شرائط پر پورا نہ اترنے والے ”34,751 ڈرائیونگ لائسنس غیر ملکیوں سے واپس لے لئے گئے۔ٹریفک آگاہی کے محکمے کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل نواف الحیان نے ”رسید”ڈیوائس کی اہمیت پر زور دیا، جو قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نگرانی کے امور انجام دیتی ہے۔پولیس کو مطلوب گاڑیاں یا جن گاڑیوں کی انشورنس کی مدت ختم ہو چکی ہے یہ ڈیوائس جسے ”رسید”نام دیا گیا ہے گشت کرنے والے افسران کو ان گاڑیوں کی نشاندہی کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے جو فوری طور پر جرمانہ جاری کرتے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والے کو ”سھل”ایپلی کیشن پر تین منٹ کے اندر بھیجتے ہیں۔