TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -23 SEPT
ہلدوانی،23ستمبر: نینی تال پولیس نے اتراکھنڈ میں اب تک کی سب سے بڑی مقدار میں نشیلی اشیا اسمیک برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے تین اسمگلروں کو گرفتار کیا جن سے ایک کلو 75 گرام اسمیک برآمد کی گئی۔ اسمیک کی قیمت ایک کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔تین گرفتار ملزمان میں سے ایک رویندر سنگھ (27 سال) اتر پردیش پولیس میں کانسٹیبل ہے اور بریلی میں تعینات ہے۔ ایک طالب علم بھی اس گینگ کا رکن ہے اور اسے بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسمیک اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی اسپلنڈر موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔کوتوالی لال کنواں کے ایس آئی گورو جوشی نے سبھاش نگر بیریئر پر چیکنگ کرتے ہوئے ایک موٹر سائیکل پر سوار تین نوجوانوں کے قبضے سے 1075.1 گرام اسمیک برآمد کی۔ پولیس نے انسداد منشیات قانون کی دفعہ 8، دفعہ 21، دفعہ 60 کے تحت مقدمہ درج کر کے تینوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ایس پی پرہلاد نارائن مینا نے بتایا کہ پہلی بار اتنی بڑی مقدار میں اسمیک برآمد ہوئی ہے۔ مخبر کی اطلاع پر پولیس ٹیم نے ایک موٹر سائیکل کو روکا، جس پر تین افراد سوار تھے۔ وہ پولیس کو دیکھ کر بھاگنے لگے۔ پولیس نے تینوں کو پکڑ کر تلاشی لی تو ان سے ایک کلو سے زائد سماک برآمد ہوئی جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں موجودہ قیمت ایک کروڑ روپے ہے۔ایس ایس پی نینی تال نے بتایا کہ ملزم مورپال (20 سال) سے 420.9 گرام، ارجن پانڈے (21 سال) سے 439.9 گرام اور رویندر سنگھ سے 214.3 گرام اسمیک برآمد کی گئی۔