TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –10 SEPT
ویلنگٹن، 11 ستمبر:نیوزی لینڈ نے اگلے ماہ بھارت میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے اپنے 15 رکنیٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکٹرز نے ٹیم میں فن ایلن پر ول ینگ کو ترجیح دی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہونے والے تیز گیند باز کائل جیمیسن اور ایڈم ملنے کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ٹرینٹ بولٹ اور جیمز نیشم، دونوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کے بغیر، ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
بولٹ، ٹم ساودی، لوکی فرگوسن اور میٹ ہنری، آل راونڈر ڈیرل مچل اور نیشم تیز گیند بازی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ایش سوڈھی اور مچل سینٹنر ٹیم میں ماہر اسپنر ہیں۔
دائیں ہاتھ کے اسپن گیندباز آل راونڈر مائیکل بریسویل چوٹ کی وجہ سے انتخاب کے لیے دستیاب نہیں تھے، جس کی وجہ سے انہیں چھ ماہ کے لیے باہر رہنا پڑے گا، جس سے ٹیم میں نیشم کے انتخاب کا دروازہ کھل گیا۔
ہیڈ کوچ گیری اسٹیڈ نے ایک آفیشل بیان میں کہا،’’ہمیں لگا کہ حال کی کاکردگی کو دیکھتے ہوئے ینگ کے ساتھ جانے کا ہمارا فیصلہ درست ہے۔ ہم نے بھارت میں ممکنہ گیم پلان، گراونڈز اور کھلاڑیوں کے فارم کو بھی دیکھا‘‘۔
ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کریں گے، جو اپنی اے سی ایل انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں، تاہم ان کی واپسی کے لیے ابھی کوئی تاریخ طے نہیں ہے ۔ ولیمسن کے دستیاب ہونے تک نائب کپتان ٹام لیتھم ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔
ورلڈ کپ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم اس طرح ہے: کین ولیمسن (کپتان)، ٹرینٹ بولٹ، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، لوکی فرگیوسن، میٹ ہنری، ٹام لیتھم (نائب کپتان،وکٹ کیپر)، ڈیرل مچل، جمی نیشم، گلین فلپس ، رچن رویندر، مچل سینٹنر، ایش سوڑھی، ٹم ساوتھی، ول ینگ۔

