TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -28 SEPT
پٹنہ، 28 ستمبر 2023:- وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے آج پھلوار شریف خانقاہ مجیبیہ میں عرس کے پرمسرت موقع پر حضرت مخدوم سید شاہ پیر محمد مجیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر چادر پوشی کی اور ریاست میں امن اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر خانقاہ مجیبیہ کے حافظ محمد نعیم الدین مجبی نے وزیر اعلیٰ کو ریاست کی امن وسلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کرائئ۔
چادر پوشی سے قبل وزیراعلیٰ نے خانقاہ مجیبیہ کے پیر سجادہ نشین حضرت مولانا سید شاہ محمد آیت اللہ قادری سے ملاقات کرکے ان سے دعائیں لیں۔ خانقاہ مجیبیہ کی انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کو پھولوں کا گلدستہ، شال اور مومینٹو پیش کر کے ان کا خیرمقدم کیا ۔
اس موقع پر مالیات، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر جناب وجے کمار چودھری، آبی وسائل کے وزیر جناب سنجے کمار جھا، بہار ریاستی سنی وقف بورڈ کے چیئرمین محمد ارشاد اللہ، بہار ریاستی شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین جناب افضل عباس، پھلواری شریف میونسپل کونسل کے چیئرمین محمد آفتاب عالم، خانقاہ مجیبیہ کے سکریٹری محمد منہاج الدین قادری مجیبی، آر جے ڈی کے ریاستی جنرل سکریٹری محمد صلاح الدین منصوری،ڈی ایم مسٹر چندر شیکھر سنگھ، ایس ایس پی مسٹر راجیو مشرا اور دیگر معززین موجود تھے۔

