وزیر اعظم نے ملک کو مزید نو وندے بھارت کا تحفہ دیا

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT  

نئی دہلی، 24 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نو وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ریلوے ملک کے غریب اور متوسط طبقے کے لیے بہترین ساتھی ہے۔ آج کا مسافر سفر میں آسانی اور وقت کی بچت چاہتا ہے جس میں وندے بھارت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
جن نئی ٹرینوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا ان کے نام ہیں- ادے پور-جے پور وندے بھارت ایکسپریس؛ ترونیلویلی-مدورائی-چنئی وندے بھارت ایکسپریس؛ حیدرآباد-بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس؛ وجے واڑہ-چنئی (رینی گنٹا کے راستے) وندے بھارت ایکسپریس؛ پٹنہ-ہاؤڑہ وندے بھارت ایکسپریس؛ کاسرگوڈ-تھروواننت پورم وندے بھارت ایکسپریس؛ راورکیلا-بھونیشور-پوری وندے بھارت ایکسپریس؛ رانچی-ہاوڑہ وندے بھارت ایکسپریس؛ جام نگر-احمد آباد وندے بھارت ایکسپریس۔
یہ نو ٹرینیں 11 ریاستوں – راجستھان، تمل ناڈو، تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، بہار، مغربی بنگال، کیرالہ، اڈیشہ، جھارکھنڈ اور گجرات میں رابطے کو فروغ دیں گی۔ وزارت ریلوے کے مطابق، یہ نئی وندے بھارت ٹرینیں ملک میں کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے اور ریل مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے وزیر اعظم کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کی سمت ایک قدم ہے۔ یہ وندے بھارت ٹرینیں اپنے آپریشنل روٹس پر تیز رفتاری سے چلیں گی اور مسافروں کے 2 سے 3 گھنٹے کے وقت کی بچت کریں گی۔
ملک میں اہم مذہبی مقامات کے رابطے کو بہتر بنانے کے وزیر اعظم کے وڑن کے مطابق راورکیلا-بھونیشور-پوری وندے بھارت ایکسپریس اور ترونیل ویلی-مدورائی-چنئی وندے بھارت ایکسپریس پوری اور مدورائی کے اہم مذہبی شہروں کو جوڑیں گی۔ مزید برآں، وجئے واڑہ-چنئی وندے بھارت ایکسپریس رینی گنٹا روٹ پر چلائے گی اور تروپتی یاتری مرکز سے رابطہ فراہم کرے گی۔