TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 SEPT
نئی دہلی ، 18ستمبر: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر ایشیا کپ 2023 کا خطاب جیت لیا ہے۔ حالانکہ خطاب جیتنے کے باوجود ٹیم انڈیا آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر نہیں پہنچ سکی۔ اس کے پاس تینوں فارمیٹس میں ٹاپ پر رہنے کا سنہرا موقع تھا؛ لیکن بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد اس نے یہ موقع گنوا دیا۔ تاہم اس دوران پاکستانی ٹیم نے ون ڈے رینکنگ میں ایک بار پھر ٹاپ پر قبضہ جما لیا ہے۔ ایشیا کپ سپر فور میں مسلسل شکستوں کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم بغیر کھیلے ون ڈے کی نمبر ون ٹیم کیسے بن گئی؟ آئیے اس سلسلے میں آپ کو بتاتے ہیں۔پاکستان ٹیم ایشیا کپ میں نمبر ون ون ڈے ٹیم کے طور پر اتری تھی، لیکن ٹیم انڈیا اور سری لنکا سے میچ ہارنے کے بعد وہ ٹاپ رینکنگ سے بھی محروم ہو گئی تھی۔ آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا تھا، ٹیم انڈیا اس سے پیچھے دوسرے نمبر پر تھی جب کہ پاکستان تیسرے نمبر پر آ گیا تھا۔ ادھر آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کیخلاف لگاتار دو ونڈے جیت کر نمبر ون پوزیشن حاصل کر لی تھی۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ نے 0-2 سے پچھڑنے کے بعد لگاتار 3 ون ڈے جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔ اس کا خمیازہ آسٹریلیا کو رینکنگ میں بھگتنا پڑا۔ آسٹریلیا اپنا نمبر ون کا رتبہ کھو چکا ہے اور پاکستان ایک بار پھر ٹاپ پر پہنچ گیا ہے۔اس وقت ہندوستان اور پاکستان کے برابر 115 ریٹنگ پوائنٹس ہیں لیکن اعشاریہ کے حساب سے پاکستان ہندوستان سے آگے ہے۔ اب پاکستان اور ہندوستان بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر ہیں ،جبکہ آسٹریلیا 113 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں 22 ستمبر سے 3 ونڈے میچوں کی سیریز میں ٹکرائیں گی۔ یہ سیریز جیتنے والی ٹیم کے پاس ونڈے رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچنے کا موقع ہوگا۔ سیریز کا پہلا ون ڈے 22 تاریخ کو موہالی میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا ورلڈ کپ سے پہلے اپنے گھر پر ون ڈے سیریز کھیلے گی۔