پانی بھرے گڑھا میں ڈوبنے سے نستہ کے 2 طالب علم ہلاک ،مچا کہرام

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -08 SEPT     

 سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفی) سنگھواڑہ بلاک حلقہ کے نستہ پنچایت میں جمعہ  کی دوپہر جے سی وی سے بنے گڑھے میں ڈوب کر 2 اسکولی بچے ہلاک ہوگئے۔اس واقعہ کے سامنے آنے سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔بتایا گیا ہے کہ  موہن پور کٹکا کے لیبرا چوڑ میں اسکولی بچے نہانے گئے تھے جہاں 2بچے نہاتے ہوئے گہرے پانی میں ڈوب گئے ۔خبر عام ہوتے ہی بڑی تعداد میں لوگ موقع پر پہنچے اور دونوں بچوں کی پانی میں تلاش شروع کردی۔جہاں دونوں کی لاشیں باہر نکلتے ہی ماحول سوگوار ہوگیا۔ہلاک ہونے والوں میں نستہ گاؤں باشندہ  محمد مقصود کا 12 سالہ لڑکا عبدالاحد اور بھگوتی پور رہائشی محمد رضوان کا   14 سالہ لڑکا محمد صالحین  شامل ہیں۔عبدالاحد کٹکا مڈل سکول کے کلاس چہارم کا طالب علم تھا جو مقامی ڈیلر حسنین راہی کا بھتیجا بتایا گیا ہے جبکہ محمد صالحین  کٹکا مڈل اسکول کے کلاس VII کا طالب علم تھا۔  دونوں اپنے دوست کے ہمراہ کٹکا موہن پور کے لیبرا چوڑ میں نہانے گئے تھے جہاں دونوں  گہرے پانی میں ڈوب کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ طالب علم محمد صالحین شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد کچھ دنوں سے اپنی والدہ کے ساتھ اپنے نانا منشی تنویر عالم کے گھر نستہ میں مقیم تھا ۔دونوں لڑکوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملتے ہی ان کا ساتھی دوست چیختا چلاتا گاؤں کی طرف آیا اور واقعہ کی اطلاع دی۔دونوں کے اہل خانہ اور گاؤں والے موقع پر پہنچ کر کافی کوششوں کے بعد دونوں کو باہر نکالا اور فوری طور پرایک نجی ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹر نے معائنے کے بعد دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔سنگھواڑہ تھانے کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔تادم تحریر دونوں کے لواحقین پوسٹ مارٹم کرانے سے مسلسل انکار کر رہے تھے۔ سرکل افسر گوتم کمارنے  کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد دونوں جاں بحق ہونے والے طالب علم کے لواحقین کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 4-4  لاکھ روپے معاوضے کی  رقم فراہم کی جائے گی۔وہیں نائب پر مکھ ساجد مظفر ببلو سابق مکھیا شمس الہدی،محمد انوار احمد رشادی، مفتی سلیم ناصری،سیاسی رہنما الطاف حسین تمنا، ارشاد عالم، آفتاب احمد، ڈیلر حسنین راہی، تبریز عالم وغیرہ نے  اس دلخراش واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔