TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 SEPT
چنڈی گڑھ، 21 ستمبر: کناڈا سے ہندوستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے والے گینگسٹر گولڈی برار کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کے لیے جمعرات کو ریاست بھر میں چھاپہ مار مہم چلائی گئی۔ یہ مہم صبح سات بجے سے جاری ہے۔ آج صبح پنجاب پولیس کی ٹیموں نے بیک وقت موگا، فیروز پور، ترن تارن اور امرتسر کے اضلاع میں چھاپہ مار کارروائی کی۔گولڈی برار کناڈا میں بیٹھ کر لارنس بشنوئی کے نیٹ ورک کو وسعت دے رہا ہے، اسلحے کی اسمگلنگ، بھتہ خوری اور قتل جیسی وارداتیں کرتا رہا ہے۔ پنجاب میں گولڈی برار کے مجرمانہ واقعات کے بعد، این آئی اے نے اس پر یو اے پی اے لگا دیا۔ پنجاب پولیس نے یہ آپریشن جمعرات کی صبح 7 بجے مکمل رازداری کے ساتھ شروع کیا۔ اس میں پنجاب پولیس گولڈی برار یا لارنس گینگ سے وابستہ تمام ملزمان کو پکڑ رہی ہے۔ یہ آپریشن آج پورا دن جاری رہے گا۔پنجاب پولیس کی یہ کارروائی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے ہندوستان میں سرگرم خالصتانی دہشت گردوں کے خلاف اپنی تحقیقات تیز کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ ایجنسی نے دہشت گرد گروپ ببر خالصہ انٹرنیشنل (بی کے ا?ئی) کے پانچ ارکان کے بارے میں معلومات دینے پر نقد انعام کا اعلان کیا تھا، جن میں پاکستان سے سرگرم ہرویندر سنگھ سندھو عرف ‘رنڈا’ اور لکھبیر سنگھ سندھو عرف ‘لنڈا’ شامل ہیں۔