کانکی نارہ میں آل بنگال مشاعرہ بیاد خواجہ جاوید اختر

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -07 SEPT     

مغربی بنگال کی سر زمین کانکی نارہ کے کمیونیٹی ہال میں مورخہ 2/ ستمبر 2023 کو معروف شاعر شمیم انجم وارثی کی کتاب “بوند بوند چاہت” (تضمینی غزلیات کا مجموعہ ) کا اجراء اور ایک آل بنگال مشاعرہ بیاد خواجہ جاوید اختر مرحوم (الہ اباد) منعقد ہوا۔ اجراء کی صدارت ڈاکٹر عاصم شاہنواز شبلی نے اور مشاعرہ کی صدارت ڈاکٹر معراج احمد معراج نے کی۔ دونوں تقریبات کی نظامت ہر دلعزیز ادبی و سیاسی شخصیت خواجہ احمد حسین نے کی۔ 2 ستمبر کو خواجہ جاوید اختر کا یوم ولادت کی نسبت سے مشاعرہ ان کی یاد میں رکھا گیا۔ جن شعراء نے مشاعرہ میں اپنی تخلیقات پیش کیں، ان میں ملک گیر شہرت یافتہ صاحبِ دیوان شاعر ڈاکٹر معراج احمد معراج ، مہتاب سلم، ڈاکٹر عاصم شاہنواز شبلی، ڈاکٹر خورشید اقبال، زماں قاسمی، شمیم انجم وارثی، فیروز اختر، آتش رضا، فیروز مرزا، شکیل گونڈی، ظفر راۓ پوری، مبارک علی مبارکی، علی شاھد دلکش، رونق افروز، شبانہ سید، بلند اقبال، سمیع الفت، ڈاکٹر جتندر بھارتی، احمد منیر، عبد الستار کمال، صادق جمال، اسکالر آفتاب عالم اور خواجہ احمد حسین کے نام قابل ذکر ہیں۔ مہمانان کی حیثیت سے ریاض احمد کونسلر، گھسڑی- ہوڑہ، کونسلر نور جمال، ڈاکٹر طیب نعمانی، پروفیسر خالد محمد زبیر مولانا آزاد کالج اور اصغر علی ڈائریکٹر کمرہٹی پبلک اسکول، ماسٹر ممتاز ، عبدالغفار اور محمد اسلام داروغہ (گھسڑی) نے شرکت فرما کر بزم کو رونق بخشیں۔ کوچ بہار گورنمنٹ انجینیئرنگ کالج کے استاد، جواں سال ادیب و شاعر علی شاھد دلکش نے اپنی غزل سناتے وقت ڈاکٹر عاصم شاہنواز شبلی کو (جینوین شاعر و شاعری کے تعلق سے ان کے بیان کے مدنظر) اور دیگر مہمانان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رواں ستمبر ( 2023ء) ماہ کے شمارے میں اڑیسہ اردو اکیڈمی کے معیاری جریدے “فروغِ ادب” میں ناچیز کی جو غزل شائع ہوئی ہے، اسی کو پیش کر رہا ہوں۔ ظاہر سی بات ہے کہ جینوین شاعری ہوئی ہے، اسی لیے مخصوص سرکاری جریدے کی ایڈیٹوریل ٹیم نے میری غزل کو شاملِ شمارہ کیا ہے۔ اب کلام سامعین کی دعاؤں کی نذر۔ پروگرام کے آخر میں شاہد صاحب نے مہمانان کا اپنے منفرد انداز میں مختصر و جامع گفتگو کے ساتھ اظہارِ تشکر کیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں سامعین دیر رات گئے موجود رہے۔ ساتھ ہی ساتھ بسکٹ اور کافی شافی کا لطف بھی لیا گیا۔