TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) آل انڈیا کسان مزدور سبھا کے ضلع صدر، نیو ڈیموکریسی کے سینئر لیڈر اور روہتاس کسان تحریک کے عظیم جنگجو کامریڈ شنکر سنگھ کا آج مورخہ 24 ستمبر 2023 کو صدر اسپتال سہسرام میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا ۔ انکی عمر تقریباًًً 80 سال تھی ۔ وہ 1943 میں میرٹھ ضلع کے ڈھکولی میں ایک خوشحال جاٹھ گھرانے میں پیدا ہوئے، وہ اپنے باپ کی تیسری اولاد تھے، وہ عمر بھر غیر شادی شدہ رہے اور عوام کو انقلابی جدوجہد میں منظم کرتے رہے، نکسل کسان تحریک سے متاثر ہو کر وہ 1968 میں پارٹی کے کل وقتی کارکن بن گئے، اپنی انقلابی زندگی کے دوران وہ اتر پردیش، دہلی اور بہار میں پارٹی کے فیصلے کے مطابق تنظیمی سیاست کرتے رہے، وہ 1978 میں دہلی سے بہار آئے کچھ دن وہ رانچی میں بھی رہے خصوصاً دھنباد کے کوئلہ مزدوروں کے حق میں کام کیا اور پھر پٹنہ ضلع میں چل رہی کسانوں کی تحریک میں شامل ہوئے، سال 1987 میں پارٹی کے فیصلے کے مطابق وہ روہتاس اور کیمور آگئے جہاں وہ اپنی موت تک پارٹی کیلئے کام کرتے رہے، کامریڈ شنکر سنگھ کی موت سے روہتاس کسانوں کی تحریک ادھوری رہ گئی ہے، آج ان کی لاش کو سہسرام کے نیکا گاؤں میں واقع آل انڈیا کسان مزدور سبھا کے دفتر میں لایا گیا اور دن ایک بجے ضلع بھر سے جمع ان کے حامیوں اور مداحوں کے ہجوم و شہر کے نامور دانشور، مزدور، کسانوں کی موجودگی میں نم آنکھوں کے ساتھ روہتاس کسان تحریک کے عظیم جنگجو شنکر سنگھ کو لال سلام کے نعرے شنکر زندہ باد شنکر سنگھ امر رہیں کی گونج کے ساتھ انکی شو یاترا سہسرام کی اہم شاہراہوں پر نکالی گئی اور انکی آخری رسومات کیلئے لوگ روانہ ہوئے ۔