TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -24 SEPT
لاہور،24ستمبر: لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی پانچ خواتین کارکنوں سمیت نو ملزمان کی ضمانت منظور کر لی جبکہ 55 کی مسترد کر دی.سنیچر کو جج ارشد جاوید نے ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے صنم جاوید سمیت 9 ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔چار ماہ بعد لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید خان، روبینہ جمیل، افشاں طارق، آشمہ شجاع اور شاہ بانو، کی ضمانت منظور کی۔سید فیصل اختر، قاسم، علی حسن اور حسین قادری کی بھی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں منظور کی گئیں۔عدالت نے تمام ملزمان کو ایک ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔بدھ کو انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عنبر گل خان نے سماعت کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو مقدمے کا مکمل چالان پیش کرنے کا حکم جاری کیا تھا جس کے بعد سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔سنیچر جج ارشد جاوید نے سماعت کرتے ہوئے 9 ملزمان کی ضمانت منظور کی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کور کمانڈر ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ سمیت 55 ملزمان کی ضمانتوں پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے درخواستیں مسترد کر دیں.عالیہ حمزہ کی ضمانتوں پر رہائی کی درخواست بھی خارج کر دی گئی.تمام ملزمان پر 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس کا مقدمہ درج ہے.خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کارکنوں کو نو مئی کو کور کمانڈر لاہور پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔