گورنمنٹ اردو لائبریری میں یوم اساتذہ تقریب

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -05 SEPT     

پٹنہ5 ستمبر : گورنمنٹ اردو لائبریری کے زیر اہتمام آج لائبریری میں یوم اساتذہ تقریب کا اہتمام گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیر مین ارشد فیروز کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہار پبلک سروس کمیشن کے ممبر نول کشور موجود تھے ۔ اس موقع پرگورنمنٹ اردو لائبریری کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں منعقد تقریری مقابلہ کے فاتحین اور شرکاء کو سند اور ایوارڈ سے نوازہ گیا ۔ تقریر ی مقابلہ کا موضوع موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت اور افادیت اور گورنمنٹ اردو لائبریر ی تھا ۔ اس تحریری مقابلہ میں چمن کمار نے اول مقام حاصل کیا تھا ، امیت پٹیل نے دوسرا اور تیسرا مقام فرحت امتیاز نے حاصل کیا ہے ۔ اس کے علاوہ محمد آصف علی، پریتی پٹیل، آشیش کمار شرما، شری کانت کمار ، شمع کوثر شمع ، شائستہ فاطمہ کے نام شا مل ہیں ۔ اس موقع پر انکو نول کشور اور ارشد فیروز کے ہاتھوں میمنٹو اور سند اعتراف سے نوازہ گیا ۔
اپنے صدارتی کلمات میںارشد فیروز نے کہا کہ آج ہمارے سابق نائب صدر اور صدر ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کا یوم پیدائش بھی ہے، جن کی یاد میں ہم سب ٹیچر ڈے مناتے ہیں۔ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن نے بھی کہا ہے کہ ‘پوری دنیا ایک اسکول ہے، جہاں ہم کچھ نیا سیکھتے ہیں۔ ہمارے اساتذہ نہ صرف ہمیں سکھاتے ہیں بلکہ ہمیں اچھے اور برے میں فرق بھی سمجھاتے ہیں۔ان کا یہ قول ہمیں بتاتا ہے کہ ہماری زندگی میں اساتذہ کا ہونا کتنا ضروری ہے۔ اور ہم کتنے خوش قسمت ہیں کہ ہم نے اپنے اساتذہ سے بہت کچھ سیکھا، اب بھی سیکھ رہے ہیں اور آئندہ بھی اسی طرح سیکھتے رہیں گے۔
مہمان خصوصی کی حیثیت سے بہار پبلک سروس کمیشن کے ممبر نول کشور نے کہا کہ ہمیں زندگی اپنے والدین سے ملتی ہے لیکن اس زندگی کو کیسے گزارنا ہے ہمیں استاد سے بہتر کوئی نہیں بتا سکتا۔ والدین کے بعد ہماری کامیابی کا پورا کریڈٹ ہمارے اساتذہ کو جاتا ہے کیونکہ ہماری محنت کے ساتھ ساتھ یہ ان کی محنت کا نتیجہ بھی ہے۔ اساتذہ ہماری زندگی کا وہ چراغ ہیں جو اپنے آپ کو جلا کر اپنے اردگرد پھیلے جہالت کے اندھیروں کو دور کر کے علم کی روشنی بھرتے ہیں۔
…سابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکبر رضا جمشید نے کہا کہ ٹیچرز ڈے ہماری زندگی میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ دن ان بے لوث افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے وقف ہے جو اس ملک کو مستقبل دے رہے ہیں، جو ہمارے بچوں کا مستقبل بنا رہے ہیں۔ ہمارے اساتذہ ہمارے رہنما ہیں جو ہمارے لیے علم، حکمت اور کردار سازی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔یوم اساتذہ صرف پھولوں اور تحائف دینے کا دن نہیں ہے۔ یہ ہمارے اساتذہ کے بے لوث کام کے لیے گہرے شکرگزار اور تعریف کا اظہار کرنے کا دن ہے۔ وہ ہمارے مستقبل کی تشکیل اور ہمیں معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی لگن ہمارے کلاس رومز سے باہر ہے کیونکہ وہ ہمیں بڑے خواب دیکھنے اور خود پر یقین کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔
اس موقع پر گورنمنٹ اردو لائبریری کے ممبر ڈاکٹر انوارالہدیٰ ، محمد نسیم الدین کے علاوہ چانکیہ لاء یونیورسیٹی کی لائبریرین امریتا سنہا، گورنمنٹ اردو لائبریری کے محمد اظہر الحق وغیرہ کو بھی خطاب کیا گا ۔ اس موقع پر تقریری مقابلہ جج صاحبان عرفان احسن صفدری، امریتا سنہا کو بھی نوازہ گیا ۔ گورنمنٹ اردو لائبریری کے لائبریرین پرویز عالم نے شاندار نظامت کی