TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN -28 SEPT
مرادآباد، 28 ستمبر:مراد آباد کے ایک گھر پر پاکستان کا جھنڈا لہرانے کا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس معاملے کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مراد آباد کے بھگت پور تھانہ علاقہ کے بدھن پور علی گنج گاؤں کے رہنے والے رئیس اور اس کے بیٹے سلمان کو تھانہ پولیس نے جمعرات کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس اور ایل آئی یو کے علاوہ دیگر ایجنسیاں بھی ان دونوں سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ بدھ کو کچھ لوگوں نے کپڑے کی دکان چلانے والے ایک رئیس کے گھر پر پاکستان کے جھنڈے کا ویڈیو بنا کر وائرل کر دیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیمراج مینا نے بتایا کہ بدھ کی شام کو اطلاع ملی کہ بھگت پور کے بدھن پور علی گنج گاؤں کے رہنے والے رئیس اور اس کے بیٹے سلمان نے اپنے گھر کی چھت پر پاکستانی پرچم لگا رکھا ہے۔ اس کے بعد بھگت پور تھانہ انچارج اور چوکی انچارج نے معاملے کی جانچ کی۔ گھر کے مالک، دونوں ملزم باپ بیٹے کو قصوروار ٹھہرایا گیا۔ ان کے خلاف دفعہ 153 اے 153 بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں آج صبح گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم باپ بیٹے کا کہنا تھا کہ وہ سمجھ رہے تھے کہ یہ اسلامی جھنڈا ہے۔ ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کا جھنڈا کس مقصد سے لگایا تھا اور اسے کہاں سے ملا، ان تمام حقائق کی چھان بین کی جارہی ہے۔ اس میں اور جو بھی قصوروار پایا گیا، اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی دیہات سندیپ کمار مینا نے بتایا کہ آج گرفتار ملزم باپ بیٹے کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔