TAASIR NEWS NETWORK UPDATED BY- S M HASSAN –30 SEPT
نئی دہلی، 30 ستمبر:ہندوستان میں امریکی مشن نے ایک سال کے دوران ویزا اجرائی کے نشانہ کی نہ صرف تکمیل کی بلکہ مقررہ نشانہ سے کہیں زیادہ ویزے جاری کئے گئے۔ سال 2023 میں ایک ملین ویزے جاری کرنے کا نشانہ تھا لیکن سال 2022 میں جاری ویزے سے زیادہ اجرائی کا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ہندوستان میں امریکی سفیر ایرک گارسٹی نے بتایا کہ ہندوستان کے ساتھ امریکہ کے باہمی تعلقات اور دوستی اہمیت کی حامل ہے اور دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ ہندوستان سے دوستی کو امریکہ اہمیت کی نظر سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں ہندوستانیوں کیلئے مزید ویزے جاری کرکے دونوں ممالک کے تعلق کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ ہندوستانی درخواست گزاروں کو امریکہ کے سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ دونوں ممالک کی اٹوٹ دوستی کا مشاہدہ کرسکیں۔گذشتہ سال 1.2 ملین ہندوستانیوں نے امریکہ کا دورہ کیا تھا جو دنیا میں کسی دو ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے امریکی ویزا کی درخواستوں میں ہندوستان کی حصہ داری 10 فیصد سے زائد ہے۔ اسٹوڈنٹ ویزا کی درخواستیں 20 فیصد ہیں جبکہ ملازمت اور دیگر زمرہ جات کیلئے 65 فیصد درخواستیں داخل کی جاتی ہیں۔ویزا کیلئے ہندوستان میں درخواستوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے ہندوستان میں اپنے مشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔ گزشتہ سال امریکی مشن کے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا گیا تاکہ ویزا کی درخواستوں کی موثر یکسوئی ہو۔ چینائی میں موجودہ سہولتوں میں بہتری کی گئی اور حیدرآباد میں کونسلیٹ کی نئی عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔امریکی مشن نے درخواست گزاروں کے انٹرویوز اور دیگر خدمات کو مزید بہتر بنانے توسیعی منصوبہ پر عمل کیا ہے۔ آئندہ سال کے اوائل میں پائلٹ پروگرام پر عمل آوری کا منصوبہ ہے تاکہ روزگار سے متعلق ویزا کے ڈومیسٹک رینیول کی سہولت فراہم کی جاسکے۔امریکی ویزا کیلئے ہندوستان سے بڑھتی مانگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا بھر سے موصولہ 10 درخواستوں میں ایک ہندوستان کی ہوتی ہے۔ ایک سال میں 10 لاکھ ہندوستانیوں کو ویزا کی اجرائی کا نشانہ مکمل کرتے ہوئے مزید توسیع کی تیاری ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ہندوستانیوں نے ویزا فیس کے طور پر 160 تا 185 ڈالر ادا کئے ہیں جو ہندوستانی کرنسی کے اعتبار سے 12800 ہوتے ہیں۔ ایک سال میں 10 لاکھ افراد کو ویزا کی اجرائی سے امریکی مشن کو ہندوستان کے 1280 کروڑ کی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔

