ہندوستان کو ملا تیسرا گولڈ میڈل، گھڑسواری ٹیم نے 41 سال بعد کیا کمال

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -26 SEPT  

نئی دہلی، 26ستمبر: ہندوستان نے منگل کو ایشین گیمز 2023 میں اپنا تیسرا گولڈ میڈل جیتا۔ گھڑ سواری ٹیم نے 41 سال بعد اس کھیل میں گولڈ میڈل جیتا۔ ہندوستان کی طرف سے سدپتی ہجیلا، دیویاکرتی سنگھ، ہردے چھیڈا اور انوش اگروال کی چوکڑی نے کمال کیا اور گولڈ میڈل جیتا۔ 1982 کے ایشیائی کھیلوں کے بعد پہلی بار ہندوستان نے گھڑ سواری میں میڈل جیتا ہے۔ ایشین گیمز میں اب تک ہندوستان نے 14 میڈل جیتے ہیں۔ 3 گولڈ کے علاوہ اس میں 4 چاندی اور 7 کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔ اس سے قبل نیہا ٹھاکر نے سیلنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا جبکہ عباد علی نے برانز میڈل جیتا۔ اس سے قبل شوٹنگ اور ویمن کرکٹ میں 2 گولڈ میڈل ملے تھے۔ خواتین کی کرکٹ ٹیم پہلی بار گیمز میں اتری اور گولڈ میڈل پر قبضہ کیا۔17 سالہ نیہا ٹھاکر نے ایشین گیمیز کے تیسرے دن لڑکیوں کی ڈنگی آئی ایل سی اے 4 ایونٹ میں دوسرا مقام حاصل کیا۔ سیلنگ میں مینز کے ونڈ سرفر آر ایس ایکس زمرے میں 52 کے نیٹ اسکور کے ساتھ برانز میڈل جیتا۔ علی کو 14 ریس ایونٹ کی دوسری اور تیسری ریس مکمل نہ کرنے کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ جس کی وجہ سے ان کے کل 59 پوائنٹس سے سات پوائنٹس کاٹ لئے گئے۔ وہ چاندی کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑی سے 23 پوائنٹس پیچھے رہے۔اس سے قبل ’نیشنل سیلنگ اسکول‘ بھوپال کی ابھرتی ہوئی کھلاڑی نیہا کی مہم کل 32 پوائنٹس کے ساتھ ختم ہوئی۔ تاہم ان کا نیٹ اسکور 27 پوائنٹس رہا، جس سے وہ طلائی تمغہ جیتنے والی تھائی لینڈ کی نوپاسورن خونبونجان کے بعد دوسرے نمبر پر رہیں۔ اس ایونٹ کا کانسہ کا تمغہ سنگاپور کی کیرا میری کارلائل کے نام رہا، جن کا نیٹ اسکور 28 تھا۔سیلنگ میں کھلاڑیوں کے سب سے خراب اسکور کو پورے ریس کے اسکور سے گھٹا کر نیٹ اسکور کا حساب لگایا جاتا ہے۔ سب سے کم نیٹ اسکور والا کھلاڑی فاتح بن جاتا ہے۔ آج ہندوستان تیراکی میں بھی تمغے کے لئے پر امید ہے۔ کئی کھلاڑی فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔