TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -19 SEPT
ہگلی19/ستمبر ( محمد شبیب عالم ) حکومت مغربی بنگال کے انفارمیشن اینڈ کلچر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اور مغربی بنگال ہندی اکیڈمی کے زیراہتمام منگل کو رشڑا کے نوتعمیر شدہ رویندر بھون میں ہندی ڈے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب میں ہگلی اور آس پاس کے اسکولوں کے طلباء طالبات اور ہندی سے محبت کرنے والوں نے شاعری ، ڈرامہ اور دیگر ثقافتی پروگراموں کے ذریعے ہندی کی عظیم شخصیات کو یاد کیا ۔ اس تقریب کےدوران ہندی صحافت کے میدان میں ان کی بہترین شراکت کے لیے چند صحافیوں کو اعزازات سے نوازا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رشڑا میونسپلٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ رشڑا میونسپلٹی جلد ہی ہندی کو فروغ دینے کے لیے رشڑا سے ایک رسالہ شائع کرے گی ۔ مشرا نے کہا کہ رشڑا میں خواتین کالج کی تعمیر کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ہندی کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ اس تقریب میں رشڑا میونسپلٹی کے چیئرمین کے علاوہ نائب چیئرمین زاہد حسن خان ، شریرام پور کی ایس ڈی آئی سی او انویشا گنگولی ، رشڑا شہزاد ہندی سیل کے صدر پرکاش ساہ ، خضر پور کالج کی پروفیسر ڈاکٹر ایتو سنگھ ، کلیانی یونیورسٹی کی پروفیسر ویبھا کماری بھی تقریب میں مدعو تھیں ۔