آزادی کے بعد آج کے حالات میں اقدار اور آئین کو چیلنج کرنے والی طاقتیں زیادہ سرگرم: کمل ناتھ

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -02 OCT

بھوپال، 2 اکتوبر: سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ نے بی جے پی کا نام لیے بغیربابائے قوم مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں بی جے پی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ پیر کو سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ گاندھی جی-شاستری جی کے یوم پیدائش کی اہمیت ہمیشہ سے سچائی اور ایمان کی علامت کے طور پر رہی ہے لیکن اس سال اس کی معنویت گزشتہ سالوں کے مقابلے زیادہ ہے کیونکہ جب سے ملک آزاد ہو ا ہے تب سے آج تک کبھی بھی ملکی اقدار، آئین اور بھائی چارے کو چیلنج کرنے والی قوتیں اتنی متحرک نہیں ہوئیں، جتنی کہ اب ہیں۔
کمل ناتھ نے کہا کہ ہمارے ملک کی منفرد خصوصیت یہ ہے کہ پرامن ہوتے ہوئے بھی گاندھی جی کی طرح صحیح وقت پر اپنی اخلاقی طاقت کے بل بوتے ایک عدم تشدد کا انقلاب لانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جیت بھی جاتا ہے۔ ہمارے اہل وطن نے ہمیشہ استعماری طاقتوں اور ملک کے اتحاد کی مخالف قوتوں کا مقابلہ اسی طاقت سے کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے اور بالآخر انہیں شکست دیں گے۔
کانگریس ہمیشہ لڑی اور جیتی بھی ہے
سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ گاندھی جی اور شاستری جی کی جو مسکراہٹ ہم سب نے ان کی تصویروں اور فلموں میں دیکھی ہے ، اس مسکراہٹ کو آگے بھی برقرار رکھنے کا وعدہ کرتا ہے اور یہ میرا ذاتی وعدہ بھی ہے۔ وقت مشکل ہے اور چیلنج بڑا ہے، لیکن کانگریس نے ہمیشہ ملک کے لیے جنگ لڑی ہے اور جیتی ہے… اور جیتے گی۔ ہر محب وطن کے دل میں، ہر سچے ذہن میں گاندھی جی آج بھی زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔