تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین نے ڈی جی پی کا شکریہ ادا کیا

تاثیر،۱۱  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

  حیدرآباد ، 10 اکتوبر (نمائندہ خصوصی ) نلگنڈہ ٹاؤن کی عرشیہ انجم  بنت اشرف اللہ خان کی مشتبہ موت کے معاملے کوتلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین طارق انصاری نے بڑی سنجیدگی سے لیا ہے۔ چنانچہ ان کی ہدایت پر معاملے کی منصفانہ تفتیش کے لئے ہماچل پردیش کےڈائرکٹر جنرل آف پولیس نے ڈی جی پی آفس کے سینئر پولس افسر مسٹر ایس ونود کمار، ایڈیشنل، ایس پی، ویمن سیفٹی کی قیادت میںسینئر پولیس افسران کی ایک ٹیم کی تشکیل کرکے اسے جائے واردات کے لئے روانہ کر دیا ہے۔تفتیشی ٹیم کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ معاملے کی تفتیش کے بعد بلا تاخیر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ اس کی بنیاد پر آگے کی قانونی کارروائی کی جا سکے۔
اطلاع کے مطابق تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کے چیئر مین طارق انصاری کو جب عرشیہ انجم کی مشتبہہ موت کی خبر ملی تو انھوں نے کیس نمبر ۔2023/اے/ٹی ایس ایم سی/331 کے تحت تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو خط کر معاملے کی منصفانہ جانچ کی ہدایت دی تھی۔ہدایت کی تعمیل کے بعد چیئرمین موصوف نے تحقیقات کے لیے ٹیم کی تعیناتی پر ڈی جی پی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ساتھ ہی رپورٹ جلد پیش کرنے کا مشورہ دیا ہے۔