اب مدھیہ پردیش میں کانگریس کے لیے مہم چلائیں گی ممتا
کولکاتا، 17 اکتوبر: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے خلاف خواہ ریاست میں کانگریس صدر ادھیر رنجن چودھری سب سے زیادہ جارحانہ رہتے ہیں لیکن ممتا نومبر کے وسط میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی یعنی کانگریس کے لیے مہم چلانے والی ہیں۔ پارٹی نے انہیں مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم چلانے کی دعوت دی ہے۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممتا بنرجی کو اندور نمبر ایک اسمبلی سیٹ پر کانگریس امیدوار کی حمایت میں مہم چلانے کی دعوت دی گئی ہے۔ یہاں سے کانگریس کے امیدوار سنجے شکلا ہیں، جن کے مقابلے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کیلاش وجے ورگیہ کو میدان میں اتارا ہے۔
واضح ہو کہ وجے ورگیہ طویل عرصے سے بنگال کے انچارج رہے ہیں اور یہاں قیام کے دوران ان پر کئی سنگین الزامات عائد ہوئے ہیں ۔ ان کے خلاف کولکاتا میں عصمت دری کی کوشش سمیت سنگین دفعات کے تحت کئی ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ اس لیے ان کے خلاف ممتا بنرجی کی انتخابی مہم بہت خاص ہونے والی ہے۔
کانگریس کے ایک سینئر لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ کیلاش وجے ورگیہ بنگال کیوں نہیں آ رہے، انہوں نے یہاں کیا -کیا گل کھلائے ہیں، اس کا پورا انکشاف ممتا بنرجی مدھیہ پردیش جا کر کریں گی ۔ اس سے پارٹی کو یقیناً فائدہ ہوگا۔
دوسری جانب بی جے پی کا کہنا ہے کہ ممتا بنرجی جتنا زیادہ کانگریس کے حق میں مہم چلائیں گی، مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو اتنا ہی فائدہ ہونے والا ہے۔تاہم، فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ ممتا وہاں انتخابی مہم کے لیے کس تاریخ کو جائیں گی۔