تاثیر،۱۸ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
جموں، 18 اکتوبر: جموں ضلع کی بین الاقوامی سرحد پر ارنیا سیکٹر میں پاکستانی رینجرس نے بی ایس ایف چوکی پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ انہیں علاج کے لئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی دیر شام پاکستانی رینجرس نے ارنیا سیکٹر میں 120بٹالین بی ایس ایف چوکی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ میں زخمی جوانوں کو طبی امداد کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔ زخمی بی ایس ایف اہلکاروں کی شناخت سرجیت وشواس اور آلوک کے طور پر ہوئی ہے۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک ارنیا سیکٹر میں کشیدگی کا ماحول تھا۔
واضح رہے کہ جموں کے مختلف سرحدی علاقوں میں پاکستانی رینجرز کی فائرنگ میں اس سے پہلے بھی بارڈر سیکورٹی فورسز ( بی ایس ایف ) کے فوجی جوان شہید اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ بی ایس ایف کی جوابی کاروائی میں بھی کئی پاکستانی رینجرز اور درانداز ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بی ایس ایف کے ہاتھوں آئے دن بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی دراندازوں کو یا تو ہلاک کیا جاتا ہے یا انہیں گرفتار کیا جاتا ہے۔ ہند پاک حکومتوں کے درمیان سال 2021 میں بین الااقوامی سرحد پر سیز فائر معاہدے سے سرحدی مکینوں نے راحت کی سانس لی ہے جبکہ سرحدی باڈر کے قریب کسانوں نے فصلیں اْگانا بھی شروع کر دی ہیں۔

