اسرائیلی بمباری کے خلاف مغربی کنارے میں زبردست احتجاجی مظاہرہ

تاثیر،۲۸  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

غزہ ،28اکتوبر: غزہ کی حمایت میں مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک بار پھر سینکڑوں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ احتجاجی مظاہرے کا مرکز رام اللہ تھا۔ مظاہرین اسرائیل کے ساتھ جنگ میں تمام فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور متحد ہونے اور اہل غزہ کے ساتھ کھڑے رہنے کے نعرے لگا رہے تھے۔اس موقع پر مظاہرین ‘غزہ کو آزاد کرو’ اور ‘عوام کیا چاہیں۔۔۔ القاسم بریگیڈ ‘ کے نعرے بھی لگارہے تھے۔ اور انہوں نے اظہار یکجہتی کے لیے حماس کی حمایت میں پرچم اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین میں شامل 80 سالہ فلسطینی فخی برغوثی کہہ رہے تھے اسرائیل کیساتھ جنگ میں مغربی کنارے کے لوگوں مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔’کئی فلسطینی مظاہرین نے مغربی ملکوں سے متعلق خبر رساں اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بات کرنے سے بھی انکار کر دیا، مظاہرین کا موقف تھا کہ مغربی میڈیا فلسطینیوں کے خلاف تعصب رکھتا ہے۔واضح رہے جاری جنگ کے دوران 100 سے زائد فلسطینی مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور بمباری کے علاوہ یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں شہید اور 1900سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔جبکہ مجموعی طور پر فلسطینیوں کی شہادتین ساڑھے سات ہزار کو چھو چکی ہیں۔ ان میں بہت بڑی تعداد کم سن فلسطینی بچوں اور فلسطینی عورتوں کی ہے۔