اسرائیل سے ہندوستانی شہریوں کا دوسرا قافلہ دہلی پہنچا، دو شیر خوار بچہ سمیت 235 شہری شامل

تاثیر،۱۴  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 14 اکتوبر:ہندوستانی شہریوں کی دوسری کھیپ آج علی الصبح جنگ زدہ اسرائیل سے ‘آپریشن اجے’ کے ایک حصے کے طور پر منظم ایک خصوصی پرواز کے ذریعے بحفاظت نئی دہلی واپس پہنچ گئی۔ دو شیر خوار بچوں سمیت 235 ہندوستانی شہریوں کو لے کر ایک خصوصی پرواز ہفتہ کی صبح نئی دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتری۔ پرواز نے مقامی وقت کے مطابق رات 11:02 پر اڑان بھری۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور راج کمار رنجن سنگھ نے ہوائی اڈے پر شہریوں کا استقبال کیا۔’آپریشن اجے’ مشن کے ڈیٹا بیس میں تمام ہندوستانیوں کو رجسٹر کرنے کے لیے ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے شروع کی گئی مہم کے بعد مسافروں کا انتخاب ‘پہلے آئیں پہلے پائیں’ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ ان کی واپسی کے اخراجات ہندوستانی حکومت برداشت کر رہی ہے۔ 7 اکتوبر کو غزہ سے حماس کی طرف سے جاری حملے کے بعد ہندوستان نے جمعرات کو ‘آپریشن اجے’ کا آغاز کیا ہے تاکہ وطن واپسی کے خواہشمند لوگوں کی واپسی میں آسانی ہو۔ کیونکہ اس غیر مستحکم خطے میں تازہ کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ جنگ زدہ علاقے سے ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کا کام اتوار کو بھی جاری رہے گا۔ہندوستانی سفارت خانے نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں کہا، ‘آج خصوصی پرواز کے لیے رجسٹرڈ ہندوستانی شہریوں کے اگلے بیچ کو ای میل کر دیا گیا ہے۔ بعد میں آنے والی پروازوں کے لیے دوسرے رجسٹرڈ لوگوں کو ایک پیغام بھیجا جائے گا۔’ اسرائیل میں تقریباً 18,000 ہندوستانی شہری رہتے اور کام کرتے ہیں، جن میں دیکھ بھال کرنے والے، طلباء￿ ، بہت سے آئی ٹی پروفیشنلز اور ہیروں کے تاجر شامل ہیں۔ 7 اکتوبر کی صبح غزہ کی پٹی میں مقیم حماس کے مسلح دہشت گردوں کے حفاظتی باڑ کو توڑ کر زمینی، فضائی اور سمندری راستے سے اسرائیل میں داخل ہونے کے بعد ہندوستانی شہریوں کا انخلاء ضروری ہو گیا تھا۔