افغانستان کیخلاف انگلینڈ ورلڈ کپ میں چھٹی بار الٹ پھیر کا شکار

تاثیر،۱۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16اکتوبر:اتوار 15 اکتوبر کو آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 2023 میں سب سے بڑا اپ سیٹ دیکھا گیا۔ دفاعی چمپئن انگلینڈ کو افغانستان کی ٹیم نے یک طرفہ مقابلے میں مکمل طور پر شکست دی۔آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کیخلاف افغانستان کی ٹیم نے زبردست جیت حاصل کی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے رحمن اللہ گرباز کی 80 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت افغانستان نے 284 رنز بنائے اور اس کے بعد طوفانی بلے بازوں سے بھری انگلش ٹیم کو چاروں خانے چت کردیا۔ آئی سی سی ورلڈ کپ میں یہ چھٹا موقع ہے جب انگلینڈ کو کسی کم درجہ ٹیم سے شکست ہوئی۔ انگلینڈ کو افغانستان کیخلاف جیت کا دعویدار سمجھا جارہا تھا لیکن مضبوط اسپنرز سے لیس افغان ٹیم نے جوس بٹلر کی ٹیم کے سارے خواب نامکمل کردیئے۔ 2009 کے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں نیدرلینڈس کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر اپ سیٹ کیا تھا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اس میچ میں 5 وکٹوں پر 162 رنز بنائے تھے۔ ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیدرلینڈس کی ٹیم نے یہ میچ 4 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔ 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے تاریخ رقم کی تھی۔ انگلش ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 327 رنز بنائے تھے۔ کیون اوبرائن نے 63 گیندوں پر 113 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی اور ٹیم نے 49.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا تھا۔سال 2014 میں نیدرلنڈس کی ٹیم نے ایک بار پھر حیران کن انداز میں انگلینڈ کی ٹیم کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں شکست دی تھی۔ اس میچ میں ڈچ ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 5 وکٹوں پر 133 رنز بنائے تھے اور انگلینڈ کو صرف 88 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔2015 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی اور انہیں ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھادیا تھا۔بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 275 رنز بنائے تھے اور پھر انگلینڈ کی ٹیم کو 48 اوورز میں 260 رنز پر روک کر تاریخی جیت حاصل کی تھی۔آئرلینڈ ٹیم نے آسٹریلیا میں کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2022 میں انگلینڈ کو شکست دی تھی۔آئرش ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کپتان اینڈی بالبرنی کے 62 رنز کی بدولت 157 رنز بنائے تھے۔ بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ کو 111 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن جب میچ روکا گیا تو ٹیم کا اسکور 5 وکٹوں پر 105 رنز تھا۔ آئرش ٹیم نے ڈک ورتھ لوئس اصول کی بنیاد پر کامیابی حاصل کی تھی۔