تاثیر،۱۵ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
ممبئی، 15اکتوبر:پی ایم مودی نے گزشتہ ہفتہ کے روز کہا کہ ہندوستان 2036 کے اولمپکس کو ملک میں منعقد کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا کیونکہ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا خواب ہے۔ یہاں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ میں آپ کے سامنے 140 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات پیش کرنا چاہتا ہوں۔ ہندوستان اپنی سرزمین پر 2036 کے اولمپکس کے انعقاد کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا خواب اور خواہش ہے۔ ہم آپ کے تعاون سے اس خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستان 2029 میں ہونے والے یوتھ اولمپکس کی میزبانی کا بھی خواہشمند ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہندوستان کو آئی او سی کی مسلسل حمایت حاصل رہے گی۔ ہندوستان بڑے پیمانے پر عالمی ایونٹ کی میزبانی کے لئے تیار ہے، دنیا نے جی 20 کی میزبانی کے دوران یہ دیکھا ہے۔پی ایم نے اپنی تقریر میں کہا کہ کچھ ہی دیر پہلے ہندوستان نے دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں شاندار جیت درج کی ہے۔ میں اس تاریخی جیت کے لئے ہندوستانی ٹیم اور سبھی ہندوستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہندوستان میں 40 سال بعد بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنا ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے۔مودی نے مزید کہا کہ پچھلے اولمپکس میں کئی ہندوستانی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے حال ہی میں ختم ہوئے ایشین گیمز میں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس سے پہلے ورلڈ یونیورسٹی گیمز میں بھی ہمارے نوجوان کھلاڑیوں نے نئے ریکارڈز بنائے ہیں۔ہندوستان اپنی سرزمین پر اولمپکس کے انعقاد کے لئے کافی پرجوش ہے۔ ہندوستان سال 2036 میں ہندوستان میں اولمپکس کو کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی اپنی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ ہم 2029 کے یوتھ اولمپکس کی میزبانی کے خواہشمند ہیں، مجھے آئی او سی کی جانب سے مسلسل تعاون کا یقین ہے۔ کھیل ہمارے ’واسودھیو کٹمبکم‘ کے جذبہ کو بھی تقویت دیتے ہیں۔ اس لئے ہماری حکومت ہر سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے کوشاں ہے۔ کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز، کھیلو انڈیا یوتھ گیمز، کھیلو انڈیا ونٹر گیمز اور جلد ہی منعقد ہونے والے کھیلو انڈیا پیرا گیمز اس کی مثالیں ہیں۔ پی ایم مودی کے مطابق کھیل دنیا کو جوڑنے کا ایک اور طاقتور ذریعہ ہے۔ کھیل صرف میڈل جیتنے کا ذریعہ نہیں ہے بلکہ دل جیتنے کا ذریعہ بھی ہے۔ کھیل سب کا ہے اور سب کے لئے ہے۔ کھیل نہ صرف چیمپئن تیار کرتے ہیں بلکہ دنیا کو امن، ترقی اور فلاح کی طرف بھی لیجاتے ہیں۔

