اکھلیش یادو دیوار کود کر جے پی این آئی سی میں داخل ہوئے

تاثیر،۱۱  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 11 اکتوبر: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو پارٹی کارکنوں کے ساتھ باؤنڈری وال کود کر جئے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر میں داخل ہوگئے۔ جئے پرکاش نارائن کے یوم پیدائش کے موقع پر اکھلیش یادو ان کے مجسمہ پر گل پوشی کر نے گئے تھے۔ انتظامیہ نے جے پی این آئی سی سنٹر کو پہلے ہی بند کر دیا تھا۔ اس لیے جب اکھلیش وہاں پہنچے تو پولس نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔اس کے بعد ایس پی کارکنان مشتعل ہو گئے اور جے پی این آئی سی کے گیٹ پر نصب ٹین شیڈ کو اکھاڑ دیا۔ اسی دوران اکھلیش یادو دیوار کود کر جے پی این آئی سی میں داخل ہوئے۔ اکھلیش کے اندر داخل ہونے کے بعد بڑی تعداد میں ایس پی کارکن بھی باؤنڈری وال کود کر کر اندر پہنچ گئے۔ایس پی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوک نائک جئے پرکاش نارائن انقلاب کے ہیرو تھے۔ ہم ہر سال یہاں ان کے مجسمہ پر گل پوشی کرنے آتے ہیں۔ اس بار ہمیں روک دیا گیا۔ لوک نائک جئے پرکاش نارائن کے یوم پیدائش پر جے پی این آئی سی کو لاک کرنے کا بی جے پی حکومت کا فیصلہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ جئے پرکاش کے مجسمہ پر گل پوشی کی اجازت نہ دینا بی جے پی کے نظریہ کی عکاسی کرتا ہے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی لوک نائک جے پرکاش کی بدعنوانی، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف شروع کی گئی تحریک کی یاد کو دہرانے سے خوفزدہ ہے کیونکہ بی جے پی کے دور حکومت میں بدعنوانی، بے روزگاری اور مہنگائی اس وقت سے کئی گنا زیادہ ہے۔لوگوں کو جے پی این آئی سی جانے سے روکنے کے لیے ایل ڈی اے نے وہاں تعمیراتی کام کا حوالہ دیتے ہوئے گیٹ کو تالہ لگا دیا تھا۔ یہی نہیں بلکہ گیٹ پر ٹین شیڈ لگا دیا گیا تاکہ کسی کو اندر کودنے سے روکا جا سکے۔ ایل ڈی اے حکام موقع پر موجود ہیں۔