تاثیر،۴ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن
دیوریا ،4؍اکتوبر: اتر پردیش کے دیوریا ضلع میں 2 اکتوبر کو ہوئے قتل عام کے معاملے میں پولیس نے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں 16 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ جبکہ دوسری پارٹی کے متوفی پریم یادو کے گھر کی اب پیمائش کی جارہی ہے۔ اسی وقت، دوبے خاندان کے ستیہ پرکاش کی اکلوتی بچی شوبھیتا نے کہا کہ… “پچھلے پیر کی صبح مجھے اپنے چھوٹے بھائی دیپیش کا فون آیا۔ اس نے بتایا کہ پریم یادو دوبارہ گھر آیا ہے اورہمارے والد سے لڑ رہا ہے۔ بہن جلدی سے پولیس کو بلاؤ۔ وہ پاپا کو مار رہا ہے۔ میں نے اسی وقت سے پولیس کو فون کرنا شروع کر دیا۔ لیکن، رودرپور پولیس اسٹیشن سے یوپی-112 تک کا فون نہیں اٹھایا گیا۔ کبھی میں اپنے بھائی سے فون پر بات کرتی اور کبھی پولیس کو فون کرتی رہی۔ لیکن، کوئی جواب نہیں آیا، کچھ دیر بعد میرے بھائی کا فون آنا بند ہوگیا۔ یہاں سے ڈائل کرنے پر بھی کال منقطع ہوگئی۔ پھر میں نے والد صاحب کا فون لگایا لیکن ان کا فون بھی نہیں اٹھایا گیا۔۔ میں نے سوچا کہ شاید گھر میں لڑائی ہو رہی ہے۔ اس کے بعد میرے والد اور بھائی دونوں کے فون بند ہو گئے۔ گھر میں یہ دو ہی فون تھے۔ محلے میں کوئی نہیں تھا جسے میں بلا سکتی۔ مجھے کسی ناخوشگوار واقعے کا اندیشہ تھا، اس کے بعد میں نے گوگل سے ایس پی دیوریا کا نمبر نکالا اور پھر ایس پی صاحب کو فون کیا۔ ان سے بات کرنے کے بعد انھوںنے پولیس کو گاؤں بھیج دیا۔ جب پولیس پہنچی تو میرے والد، والدہ، دو بہنیں اور ایک بھائی مر چکے تھے۔ دوسرے کی سانس چل رہی تھی۔ پولیس اسے ہسپتال لے گئی۔ اگر پولیس بروقت کال اٹھا لیتی تو شاید آج میرا خاندان زندہ ہوتا۔آپ کو بتاتے چلیں کہ 2 اکتوبر کو ہونے والے قتل عام کے معاملے میں پولیس انتظامیہ نے پنچایت ممبر کا محاصرہ بھی شروع کر دیا ہے۔ اب یادو خاندان کے ہاتھوں 5 افراد کے قتل کا حساب خاندان کے سبھی افراد کو ادا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اب انتظامیہ نے ان کے گھر پر بلڈوزر چلانے کی تیاری کر لی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ پریم یادو کا زیادہ تر گھرکا حصہ کھلیہان کی زمین پر قبضہ کر کے بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریونیو ڈپارٹمنٹ گاؤں میں دیگر سرکاری زمینوں پر قبضوں کی بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ ڈی ایم اکھنڈ پرتاپ سنگھ نے ابھے پور گاؤں میں سرکاری زمین کی پیمائش کے لیے چیف ریونیو آفیسر (سی آر او) کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی ہے۔ ٹیم دن بھر گاؤں میں پیمائش کا کام کرتی رہی۔ پریم چند یادو کے خلاف سرکاری زمینوں پر قبضے کی شکایت کی جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ ڈی ایم نے رودرپور کے ایس ڈی ایم یوگیش گوڑ کو ریونیو ریکارڈ چیک کرنے اور پریم اور اس کے خاندان کے نام پر رجسٹرڈ زمینوں کی تفصیلات دینے کی ہدایت دی ہے۔

