ایشین گیمز: خواتین کبڈی میں بھارت نیپال کو 17-61 سے شکست دے کر فائنل میں

تاثیر،۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم-حسن

ہانگژو، 6 اکتوبر: دو بار کے سابق چیمپئن ہندوستان نے جمعہ کو یہاں خواتین کبڈی مقابلے میں نیپال کو 17-61 سے شکست دے کر مسلسل چوتھی بار ایشین گیمز کے فائنل میں جگہ بنالی۔
اس گیمز میں ہندوستانی خواتین کبڈی ٹیم کا یہ سب سے زیادہ اسکور ہے۔ ان کی پچھلی بہترین کارکردگی جنوبی کوریا کے خلاف 56 پوائنٹس تھی۔ ہندوستانی خواتین کا مقابلہ فائنل میں ایران اور چینی تائپے کے درمیان سیمی فائنل 2 کی فاتح سے ہوگا۔
پچھلے ایڈیشن کے رنر اپ ہندوستان کو اپنے حریفوں سے زیادہ چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور پوجا ہتھ والا اور پشپا رانا کی ریڈ کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم ہاف ٹائم تک 10-29 سے آگے تھی۔ مجموعی طور پر ہندوستان نے نیپالی ٹیم کو پانچ بار آل آوٹ کیا۔
ہندوستان کے لیے جھارکھنڈ کی نوجوان اکشیما، جو اپنا ایشیائی کھیلوں میں ڈیبیو کر رہی تھی، بھی متاثر کن رہیں، جس نے کامیاب ریڈ کی اور دو ٹچ پوائنٹس حاصل کیے۔
ہندوستانی مردوں کی ٹیم، جس نے 2018 کے ایڈیشن میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا، دن کے آخر میں سیمی فائنل میں پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔