بھوپال: پھانسی کا سزایافتہ قیدی حمیدیہ اسپتال سے ہتھکڑیاں کھول کر فرار

تاثیر،۱۴  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

بھوپال، 14 اکتوبر: مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال حمیدیہ سے ہفتے کی صبح پھانسی کاسزا یافتہ ایک قیدی جیل کے محافظوں کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس متحرک ہوگئی اور مفرور قیدی کی تلاش شروع کردی۔ اس معاملے میں غفلت برتنے پر جیل کے دو گارڈز کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق گنا ضلع کے راگھوگڑھ کے رہنے والے سریش سینی کا بیٹا رجت سینی اپنے دوست کا قتل کر اس کو جلانے کے معاملے میں بھوپال کی سینٹرل جیل میں بند تھا۔ اس کے خلاف کھجوری تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس کیس میں عدالت نے اسے سزائے موت سنائی تھی۔ جب 12 اکتوبر کی رات اس کی طبیعت اچانک بگڑ گئی تو اسے فوری طور پر جیل کی حراست میں علاج اور معائنے کے لیے بھوپال کے حمیدیہ اسپتال بھیج دیا گیا، جہاں اس کا علاج چل رہا تھا۔
دریں اثنا، ہفتے کی صبح وہ اپنی ہتھکڑیاں کھول کر سیکورٹی کے لیے تعینات جیل گارڈز کو چکمہ دیتے ہوئے اسپتال سے فرار ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ کوہ فضا پولیس نے موقع پر پہنچ کر مفرور قیدی کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس نے مفرور قیدی کے خلاف حراست سے فرار ہونے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس نے اس معاملے میں ڈیوٹی پر موجود دو گارڈز کو معطل کر دیا ہے۔ فی الحال پولیس مفرور قیدی کی تلاش کر رہی ہے۔
خود کو مردہ ثابت کرنے کے لیے دوست کوکیا تھا قتل
دراصل، مفرور قیدی رجت سینی کو 2017 میں بھوپال سے نقلی نوٹ فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں عدالت نے اسے سات سال کی سزا سنائی تھی۔ اس کے بعد 2018 میں گنا ضلع کے رادھوگڑھ میں ایک نابالغ بچے کے اغوا کے معاملے میں اسے 2019 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ وہ گوالیار جیل میں بند تھا اور 23 مئی 2022 کو سینٹرل جیل گوالیار سے پیرول پر باہر آیا تھا۔ اسے 6 جولائی 2022 کو واپس آنا تھا لیکن وہ پیرول سے واپس نہیں آیا اور فرار ہوگیا۔ اس دوران اس نے خود کو مردہ ثابت کرنے کے لیے بی ایس سی کے طالب علم امن دانگی کو بیٹ اور ہتھوڑے سے مار مار کر قتل کر دیا اور پھر اس پر پیٹرول ڈال کر اس کی لاش کو جلا دیا تاکہ اس کی شناخت نہ ہوسکے تاہم تفتیش کے دوران حقیقت سامنے آگئی۔ اس معاملے میں شواہد اور گواہوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مئی 2023 میں سیونتھ ڈسٹرکٹ اینڈ ایڈیشنل سیشن جج ڈاکٹر دھرمیندر ٹاڈا کی عدالت نے ملزم کو دو دیگر مقدمات میں عمر قید کے ساتھ موت کی سزا سنائی تھی۔