بہار میں کم نہیں ہورہا ہے ڈینگی، تیجسوی یادو نے کہا۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس بار ڈینگو کے معاملے کم

TAASIR NEWS NETWORK  UPDATED BY- S M HASSAN -02 OCT

پٹنہ، 2 اکتوبر: بہار میں ڈینگو کے مریض روز بروز بڑھ رہے ہیں۔ بہار میں 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے 314 نئے مریض پائے گئے ہیں۔ پٹنہ کی بات کریں توگذشتہ 24 گھنٹوں میں 125 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ پٹنہ میں مسلسل پانچ دنوں سے ڈینگو کے مریضوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔ محکمہ صحت اسپتالوں میں بہتر علاج کا دعویٰ کر رہا ہے۔ مریض صحت یاب بھی ہو رہے ہیں لیکن نئے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیر صحت تیجسوی یادو سے جب بہار میں ڈینگو کے بڑھتے ہوئے معاملات پر سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس بار ڈینگی کے معاملے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر چیز پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ سب کے لیے کام ہو رہا ہے۔
پٹنہ کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع جیسے بھاگلپور، سارن، مظفر پور، مغربی چمپارن، مشرقی چمپارن، مونگیر، ویشالی ڈینگو سے متاثر ہیں۔ اس سال ڈینگو کے 6735 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ صرف ستمبر کے مہینے میں ریاست میں 6460 معاملے سامنے آئے ہیں۔ صرف پٹنہ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 2048 ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگو کنٹرول روم کا ہیلپ لائن نمبر 0612-2951964 جاری کر دیا گیا ہے۔ یہاں ایک کال پر لوگ اسپتالوں میں دستیاب بیڈ اور بلڈ بینکوں میں پلیٹ لیٹس کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
پٹنہ کے چارمیڈیکل کالج اسپتالوں میں کل 74مریض زیرعلاج ہیں۔ ایمس پٹنہ میں 25 مریض، آئی جی آئی ایم ایس میں 13 مریض، پی ایم سی ایچ میں28 مریض اور این ایم سی ایچ میں8 مریض داخل ہیں۔ اگرپوری ریاست کی بات کریں تو ریاست کے 12 میڈیکل کالج اسپتالوں میں317 داخل مریض زیرعلاج ہیں جس میں سب سے زیادہ 139 مریض بھاگلپورمیڈیکل کالج اسپتال میں داخل ہیں۔
واضح ہوکہ پٹنہ میں میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے کئی جگہوں پرکچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ ایسے میں جہاں ڈینگو پر قابو پانے کے لیے صفائی بہت ضروری ہے وہیں کچرے کے جمع ہونے کی وجہ سے پٹنہ میں ڈینگو کے ساتھ وائرل بخار کے معاملے میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ شہری ترقیات کی جانب سے میونسپل کارپوریشن کے صفائی ملازمین کی ہڑتال توڑنے کے لیے کوئی پہل نہیں کی گئی۔ صفائی ملازمین کی ہڑتال کے باعث ڈینگو سے بچاو? کے لیے شروع کی جانے والی فوگنگ اوراینٹی لاروا سپرے بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔