بہار کے دربھنگہ میں شراب پینے سے تین کی موت

تاثیر،۱۷  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

دربھنگہ، 17 اکتوبر:بہار میں دربھنگہ ضلع کے حیا گھاٹ تھانہ علاقہ کے مقصود پور گاو?ں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں زہریلی شراب پینے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق سنتوش کمار داس ( 26)، دشرتھ سہنی عرف بھوکھلا سہنی ( 56)، لال ٹن سہنی ( 55)، ارجن داس ( 55) اور ایک دیگر نوجوان نے اتوارکے روز دنیش داس سے شراب خریدی کر ایک ساتھ پی۔ اس کے بعد سبھی اپنے گھر چلے گئے۔ گھر پہنچ کر کھانا کھانے کے بعد تمام لوگوں کی طبیعت خراب ہونے لگی۔ پیٹ درد اور دست ہونے لگا۔
شروع میں گھر کے لوگوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا۔ دشرتھ سہنی کو خون کی الٹیاں ہونے لگیں، آنکھ کی روشنی غائب ہوگئی۔ پی ایچ سی پہنچنے سے پہلے ہی اس کی موت ہوگئی۔ وہیں پیٹ درد کی شکایت کے بعد سنتوش داس کو اس کے رشتہ داروں نے حیا گھاٹ پی ایچ سی میں داخل کرایا جہاں ابتدائی طبی علاج کے بعد دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل (ڈی ایم سی ایچ) لے جانے کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ لواحقین نے دونوں کی لاشوں کو بغیر پوسٹ مارٹم کے حیا گھاٹ تھانہ کے سامنے واقع شمشان گھاٹ میں جلا دیا۔
آج صبح تیسرے شخص کی موت کے بعد ڈی ایم سی ایچ میں پوسٹ مارٹم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی اوکاش کمار کے مطابق شراب فروخت کرنے والے ملزم دنیش داس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس کے پاس سے پکڑی گئی شراب کو تفتیش کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
اس کے گھر سے دو لیٹر دیسی شراب ضبط کی گئی ہے۔ ان کے ساتھ شراب پینے والے دو دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ اس اطلاع پر پولیس نے متاثرہ خاندان کے افراد سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے۔ بیمار افراد کے لواحقین سے بھی واقعے کی معلومات لی گئی ہیں۔ ایس ایس پی اوکاش کمار نے کہا کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں، میں نہ تو تصدیق کر رہا ہوں اور نہ ہی تردید کر رہا ہوں کہ موت شراب پینے سے ہوئی ہے۔
اہم افراد میں دشرتھ سہنی عرف بھوکھلا سہنی ( 56)، سنتوش کمار داس ( 26) اور لال ٹن سہنی ( 55) ہیں۔ اس کے علاوہ ارجن داس ( 55) اور ایک اور نوجوان جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، زیر علاج ہیں۔