تاثیر،۲۶ اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
پنجی، 26 اکتوبر: گوا میں جاری 37ویں قومی کھیلوں میں مہاراشٹر کی ویٹ لفٹر دیپالی گھرسالے نے بدھ کو خواتین کے 45 کلوگرام اسنیچ اور ڈیڈ لفٹ زمروں میں قومی ریکارڈ بنا کر طلائی تمغہ جیتا۔ گھرسالے نے اسنیچ میں 75 کلو اور کلین اینڈ جرک میں 90 کلوگرام سمیت کل 165 کلوگرام وزن اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔مغربی بنگال کی چندریکا ترفدار نے اسنیچ میں 67 کلو اور کلین اینڈ جرک میں قومی ریکارڈ بناتے ہوئے 95 کلوگرام سمیت کل 162 کلو گرام وزن اٹھا کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ چندریکا یوتھ ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی ہیں۔ انہوں نے ستمبر 2019 میں سلوواکیہ میں 129 کلوگرام وزن کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
تلنگانہ کی ٹی پریا پریہ درشنی نے کل 161 کلوگرام وزن کے زمرے کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا جس میں اسنیچ میں 69 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 92 کلوگرام شامل ہیں۔
نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد دیپالی کا مقصد اب بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کرنا ہے۔
طلائی تمغہ جیتنے کے بعد انہوں نے کہا، ’’میرا دیدی (میرا بائی چانو) میری آئیڈیل ہیں اور ان کی طرح میں بھی بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہوں۔‘‘
دیپالی پہلی بار نیشنل گیمز میں حصہ لے رہی تھی اور انہوں نے اپنی کوششوں سے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ میرا پہلا نیشنل گیمز ہے اور میں نے اپنی پہلی کوشش میں گولڈ میڈل جیتا اور میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔
دیپالی، جو گزشتہ 13 سالوں سے ویٹ لفٹنگ کر رہی ہیں، جونیئر سطح پر اب تک تین گولڈ میڈل جیت چکی ہیں۔ وہ اپنی کامیابی کے پیچھے سخت محنت، توازن اور اپنی آئیڈیل میرابائی چانو کو بتاتی ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ متحرک رہنے کے لیے کیا کرتی ہیں، تو انہوںں نے کہا، ’’میں اپنے آپ سے مقابلہ کرتی ہوں۔ میں اپنے کھیل کو زیادہ سے زیادہ بہتر کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ میں کبھی بھی منفی نہیں سوچتی ہوں، شاید یہی وجہ ہے کہ میں نے آج اچھا مظاہرہ کیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’اب میں میرا دیدی کی طرح بین الاقوامی سطح پر ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتنا چاہتی ہوں اور یہ میرا خواب ہے۔‘‘

