بیڈ ضلع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں ڈاکٹر سمیت 10 لوگوں کی موت

تاثیر،۲۶  اکتوبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن

ممبئی، 26 اکتوبر: بیڈ ضلع میں کل رات دو الگ الگ سڑک حادثات میں 10 لوگوں کی موت ہو گئی۔ پہلے ایمبولینس اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوا جس میں ڈاکٹر سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہے۔ ایک اور حادثے میں ساگر ٹریولز نامی نجی بس بے قابو ہو کر الٹ گئی جس میں 6 افراد کی موت ہو گئی۔ حادثے میں 9 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو بیڈ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی رات دیر گئے بیڈ دھامنگاوں سے احمد نگر جانے والی سڑک پر دولاوڈگاوں کے قریب بنکاک کمپنی کی طرف مڑنے کے دوران ایک ٹرک اور ایمبولینس کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ ایمبولینس میں مریض کو لے جانے والے ڈاکٹر راجیش باباصاحب جھنجورکے (35 سال)، ڈرائیور بھرت سیتارام لوکھنڈے (35 سال)، منوج پنگو ترپوڑے اور پپو پنگو ترپوڑے کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ گیان دیو سوریابھن گھمرے اس واقعہ میں شدید زخمی ہیں اور احمد نگر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اسی طرح بدھ کی رات ساگر ٹریویلز کی ایک پرائیویٹ بس جامکھیڈ-احمد نگر روڈ پر اشٹا فاٹا کے قریب بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ اس واقعے میں چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور نو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بیڈ پولیس فوراً موقع پر پہنچ گئی اور گاوں والوں کی مدد سے بس میں پھنسے لوگوں کو نکالا۔ تمام زخمیوں کو بیڈ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔